چنی گوٹھ کے مواضعات، موضع فضل الٰہی والا، موضع بیلداراں اور دیگر علاقوں میں سیم مچھروں کی افزائشِ نسل میں اضافہ
عباسیہ کینال اور عباسیہ لنک کینال کے درمیانی مواضعات کے مکینوں میں ملیریا سمیت مچھروں سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے
متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کر کے مچھر مار سپرے کرایا جائے اور سیم زدہ مقامات پر کھڑے پانی کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں مطالبہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی عباسیہ کینال اور عباسیہ لنک کینال کے درمیانی مواضعات، بالخصوص موضع فضل الٰہی والا، موضع بیلداراں اور دیگر علاقوں میں سیم کی وجہ سے مچھروں کی افزائشِ نسل میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں میں ملیریا سمیت مچھروں سے پھیلنے والی دیگر بیماریوں کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
اہلیانِ علاقہ کے مطابق سیم زدہ اور کھڑے پانی کے باعث مچھروں کی بہتات ہو رہی ہے، جبکہ شام کے اوقات میں صورتحال مزید سنگین ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے محکمہ صحت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں کا فوری سروے کر کے مچھر مار سپرے کرایا جائے اور سیم زدہ مقامات پر کھڑے پانی کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ملیریا اور دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

