سرائیکی زبان کے پہلے ناول نگار ظفر لاشاری مرحوم کے نام سے منسوب ” ظفر لاشاری ریسرچ لائبریری محراب والا” کا افتتاح
سرائیکی زبان کے پہلے ناول نگار، صدارتی ایوارڈ یافتہ ادیب، دانشور ظفر لاشاری مرحوم کے نام سے منسوب ” ظفر لاشاری ریسرچ لائبریری محراب والا” کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ احمد پور شرقیہ کی نواحی بستی محراب والا میں جدید طرز کی لائبریری کا افتتاح وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگویجز پروفیسرڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو نے کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا کہنا تھا کہ ظفر لاشاری مرحوم نے اپنی زندگی علم و ادب کے لیے وقف کی۔ 40 سال سے قائم اس لائبریری کی اپ گریڈیشن اور تعمیر یقینا اس خطے کے لیے ایک شاندار علمی اور ادبی اثاثہ ہے۔ سرائیکی زبان کے پہلے ناول نگار ظفر لاشاری مرحوم کے بیٹوں نے آج اس لائبریری کی شکل میں اپنے والد کی کاوشوں کو آگے بڑھایا ہے۔ ظفر لاشاری نے جو پودا لگایا آج وہ تناور درخت ہے جس کا پھل ہر کسی کے لیے میسر ہو گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگویجز پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو کا کہنا تھا کہ آج بہت سے نامور ادیب، شاعر، نثر نگار ایسے ہیں جنہوں نے ظفر لاشاری سے لکھنا سیکھا۔ ظفر لاشاری ریسرچ لائبریری یقینا اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بستی اور اس کے مکیں علم و ادب سے لگاؤ رکھتے ہیں۔ وائس چانسلر نے اس اس لائبریری کا افتتاح کر کے اس پورے علاقے کے محبوب بن گئے ہیں۔اس موقع پر پاکستان کے نامور سینئر صحافی اور ادیب سعید خاور، معروف سرائیکی دانشور عبد الباسط بھٹی، ظفر لاشاری ریسرچ لائبریری کے منتظم مستنصر محمود لاشاری اور الصادق ڈیزرٹ ویلفیئر آرگنائزیشن سے رانا عامر شہزاد نے خطاب کیا۔تقریب میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے پروفیسرز، سرائیکی وسیب سے ادیبوں، شاعروں اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے منتظم لیکچرار شعبہ سرائیکی اطہر لاشاری کی جانب سے مہمانوں کو سرائیکی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔