حکومت پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ساؤتھ پنجاب انڈر16-بوائز سکول کرکٹ چیمپئین شپ 2022ء کا افتتاح

بہاول پور:6/ اکتوبر حکومت پنجاب اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ساؤتھ پنجاب انڈر16-بوائز سکول کرکٹ چیمپئین شپ 2022ء کا افتتاح ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ نے شاٹ لگا کر دیا۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف آفیسر ضلع کونسل میاں اظہر جاوید، ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصود الحسن جاوید، نمائندہ پی سی بی محمد نعمان، ڈی ای او ایجوکیشن و فوکل پرسن رشید احمد چیمہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر محمود، سکولوں کے طلباء، اساتذہ، سپورٹس شائقین اور میڈیا کے نمائندگان موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کرکٹ چیمپئین شپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈر16-کرکٹ چیمپئین شپ کے انعقاد سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ نظم و ضبط، محنت اور جوش و جذبہ سے کھیلیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں اور منتظمین کو کرکٹ چیمپئین شپ کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ ڈی ای او ایجوکیشن و فوکل پرسن رشید احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انڈر16-بوائز سکول کرکٹ چیمپئین شپ میں 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں سے9 ٹیمیں سرکاری سکولوں کے طلباء کی اور3ٹیمیں پرائیویٹ سکولوں کے طلباء پرمشتمل ہیں۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اور سکول بینڈ نے پرفارمنس پیش کی۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں میں کٹس بھی تقسیم کیں۔ واضح رہے کہ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں پہلا میچ گورنمنٹ ٹیکنیکل ہائی سکول اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول لال سوہانرا اور دوسرا میچ گورنمنٹ صادق ڈین ہائی سکول اور گورنمنٹ فاضل ہائی سکول خیرپور ٹامیوالی کے مابین کھیلا گیا۔
