بہاول پور میں پیڈیاٹرک کورورنا ویکسینیشن مہم کا افتتاح

بہاول پور: 17/ستمبر( ) بہاول پور میں پانچ سال سے12سال تک کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگاکر پیڈیاٹرک کورورنا ویکسینیشن مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ اس سلسلے میں بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں منعقدہ تقریب میں ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال سمیت بچوں کے والدین بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پیڈیا ٹرک کورونا ویکسی نیشن مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے۔ محکمہ صحت کے افسران اور کورونا ویکسی نیشن ٹیم کے اراکین جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر فرائض ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 19 ستمبر سے24ستمبر تک جاری رہنے والی کووڈ 19 ویکسینیشن برائے اطفال مہم کے دوران والدین بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے متعلقہ افسران مہم کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کریں تاکہ پانچ سال سے12سال تک کی عمر کے تمام بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائی جا سکے۔ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد ارائیں اور کنسلٹنٹ یونیسف ڈاکٹر ذاکر نے بتایا گیا کہ ضلع بھرمیں 6لاکھ 26ہزار سے زائد پانچ سال سے12سال تک کی عمر کے بچوں کی کورونا ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دیگرضروری اقدامات سمیت ویکسی نیشن ٹیم کے اراکین کی باقاعدہ تربیت کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ بعدازاں بہاول وکٹوریہ ہسپتال آؤٹ ڈور سے پیڈیاٹرک کورونا ویکسی نیشن مہم کی آگہی کے لیے واک کی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر زاہد پرویز وڑائچ نے کی۔ شرکاء واک نے بچوں میں کورورنا ویکسی نیشن کرانے اور اس مہم کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے بینرز اور پینافلیکس اٹھارکھے تھے۔ واک میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈی ایچ او ڈاکٹر اقبال ارائیں، ڈی ایچ او ڈاکٹر انیلہ علی، ایم ایس بی وی ایچ ڈاکٹر عامر بخاری، کنسلسٹنٹ ڈاکٹر ذاکر، میڈیکل آفیسر، سول سوسائٹی کے نمائندگان شریک تھے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمرجنسی کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات چیک کیے اور مریضوں کو دی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شعبہ ایمرجنسی میں قائم ڈینگی وارڈ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پرایم ایس بی وی ایچ و ڈائریکٹر ایمرجنسی شعبہ حادثات ڈاکٹر عامر بخاری نے مریضوں کو دی جانے والی علاج معالجے کی طبی سہولیات بارے بریفنگ دی۔