عدالت اگر 11 جنوری کو وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے فوری اعتماد کے ووٹ کا کہے تو ہم تیار ہیں: عمران خان
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی اپنی سیاست کر رہے ہیں، ہم اپنی سیاست کر رہے ہیں، جنرل باجوہ کیخلاف بات کرنے سے نہیں رکیں گے۔
کورٹ رپورٹرز سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہمیں ہمارے موقف سے ہٹنے کا نہیں کہہ سکتے، ہماری لڑائی اسٹیبلشمنٹ سے نہیں بلکہ انصاف کے حصول کیلئے ہے، عدالت اگر 11 جنوری کو فوری اعتماد کے ووٹ کا کہے تو ہم تیار ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ کے لیے اعتماد کے ووٹ میں اسٹیبلشمنٹ ہمیں نیوٹرل نظر نہیں آرہی، پی ٹی آئی کے لوگوں سے رابطہ کیا جا رہا ہے، اب تک 3 لوگ ان رابطوں کی تصدیق کر چکے ہیں۔
ہماری لڑائی انصاف کیلئے ہے، چوروں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، اگر اقتدار میں آئے تو فوری بلدیاتی الیکشن کرائیں گے، جنرل باجوہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے اس لیے تمام مقدمات ختم ہوگئے۔
عمران خان نے کہا کہ لوٹوں کی ایکسپائری ڈیٹ ختم ہوچکی ہے، ملک میں جنگل کا قانون ہے انصاف کی ضرورت امیر کو نہیں غریب کو ہوتی ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس پہلے 11 جنوری کو طلب کیا گیا تھا تاہم بعد میں اسمبلی اجلاس کی تاریخ بدل کر 9 جنوری رکھ دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا اس حوالے سے کہنا ہے مجھے اعتماد کا ووٹ لینے کی ضرورت ہی نہیں ہے جبکہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا کہنا ہے اگر چوہدری پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ لے لیتے ہیں تو اسمبلی تحلیل کرنا ان کا حق ہے۔