Contact Us

عمران خان کا نا اہلی فیصلے کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

Imran Khan

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مافیا قرار دیتے ہوئے توشہ خان کیس میں نا اہلی کے فیصلے کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا کہ جو پاکستانی آج باہر نکلے اور احتجاج کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، الیکشن کمشنر کے جانبدار فیصلے پر آج پوری قوم سڑکوں پر نکلی، الیکشن کمشنر نے مافیا کا حصہ بن کر فیصلہ کیا، توشہ خانہ میں تمام تحائف کا ریکارڈ موجود ہوتا ہے، توشہ خانہ سے آدھی قیمت دے کر تحفہ خریدا جا سکتا ہے، تحائف خریدے جاتے ہیں تو ان کا ریکارڈ ہوتا ہے، توشہ خانہ کا قانون آصف زرداری اور نواز شریف نے توڑا ہے۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے، رات کو پارٹی اراکین کو بتا دیا تھا کہ مجھے صبح نا اہل کر دیں گے، شہباز گل کیخلاف بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کرائے گئے، میرے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ‏25 مئی کو پولیس نے بے گناہ شہریوں پر تشدد کیا، وہ سائفر آج بھی موجود ہے جس کے بعد ہماری حکومت گرائی گئی، ‏الیکشن کمشنر نے ہمیشہ ہمارے خلاف فیصلے دیئے ہیں، جب تک زندہ ہوں مافیا کا مقابلہ کروں گا، ملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر ہے، تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ عدالتوں نے مجھے صادق اور امین قرار دیا، میں نے جو بھی خریدا سب کی رسیدیں موجود ہیں، نواز شریف سب سے بڑا چوری، اربوں ڈالر مالیت کے اس کے پاس پلازہ ہیں، مافیا پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، مجھے اور نوازشریف کو ایک جیسا دکھایا جا رہا ہے، کل رات تمام اراکین کو واٹس ایپ کے ذریعے بتایا تھا، یہ لوگ حکومت میں لیکن ضمنی انتخابات میں پھر بھی ان کو شکست ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے ملکر الیکشن کمشنر نے ای وی ایم مشین کو مسترد کیا، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پیسے دیتے ہوئے پکڑا گیا، ای وی ایم معاملے پر بھی الیکشن کمشنر نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، الیکشن کمشنر نے ہمیشہ ہمارے خلاف فیصلے دیئے ہیں، الیکشن کمیشن کے جانبدار فیصلے کیخلاف عوام سڑکوں پر نکلے، احتجاج کرنے والے مظاہرہ ختم کر دیں، آپ سب تیاری کریں، سب سے بڑا لانگ مارچ کریں گے، اب احتجاج لانگ مارچ پر ختم نہیں ہوگا، حقیقی آزادی کی تحریک چلتی رہے گی۔

مزید پڑھیں