لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی چوری پکڑی گئی، عمران خان غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہا تھا، یہ جانتا تھا اس نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی۔
اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ فارن فنڈنگ کے کیس کا فیصلہ 8 سالوں بعد آیا، ہمارے زمانے میں واٹس ایپ پر جے آئی ٹی بن گئی تھی، عمران خان غیر ملکی ایجنڈا نافذ کر رہا ہے، یہ شخص خارجی ایجنڈے کے تحت آیا ہے، یہ کہتا تھا ایماندار ہوں چوری نہیں کرتا، عمران خان جانتا تھا اس نے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی، سابق وزیراعظم پاکستان کیلئے بہت خطرناک ہے، یہ فتنہ ہے اس کا شر پاکستان کی تباہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکیوں سے پیسے لیں گے تو انکا ایجنڈا ہی نافذ کرینگے، پاکستان میں دن بہ دن ترقی ہو رہی تھی،عمران خان نے سب تباہ کر دیا، مجھے بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا، میری مرضی ہے میرا بیٹا ہے تنخواہ لوں یا نہ لوں، ثاقب نثار جیسے کے ساتھ ملکر عمران خان نے ملک پر ظلم ڈھائے، ثاقب نثار نے کہا ہم نے مریم نواز اور نواز شریف کو سزا دینی ہے،عمران خان کو لانا ہے، ثاقب نثار نے نیب کورٹ کو مقدمے نمٹانے کا حکم دیا، ججز نے عمران خان کو کہا کیس ہمارے پاس لے کر آؤ۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس فتنے اور شرانگیزی کو فوری طور پر ختم کیا جائے، اس نے پاکستانی معاشرے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے، میرے ساتھ ظلم و زیادتی کرتے ہوئے پاکستان کو ڈبو دیا، پاکستان کو وینٹیلیٹر پر لے آئے۔