عمران خان کا خطاب پاکستان کےخلاف سازش، قانونی کارروائی کریں گے، وزیراعظم شہبازشریف

Shehbaz Sharif

وزیراعظم شہبازشریف نے عمران خان کے آج ایبٹ آباد میں کیےگئے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے، ایبٹ آباد میں آج ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا، قانونی کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہورہی ہے، ایک شخص کی انا، تکبر اور جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے، پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی اور اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔
 شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، عمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا، پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں، عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے، عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں