پرنس بہاول عباس خان عباسی کی بہاول پور میں منعقدہ عمران خان کے جلسہ عام میں شرکت
پرنس بہاول عباس خان عباسی کی کاروں اور ویگنوں کے ایک بڑے قافلے میں ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہ عمران خان کے عظیم الشان تاریخی جلسہ عام میں شرکت
بہاولپور ڈویژن کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے وفاقی و صوبائی ملازمتوں میں خصوصی کوٹہ مختص کیا جائے پرنس بہاول عباسی
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پرنس بہاول خان عباسی کے مطالبے پر ہمدردانہ غور کا یقین دلایا، پرنس بہاول عباسی کو عمران خان کے جلسے کے اسٹیج پر سابق وزیر اعظم کے دائیں جانب مخصوص نشست پر بٹھایا گیا تھا
بہاول پور + احمد پور شرقیہ (نامی نگاران) پرنس بہاول عباس خان عباسی صادق گڑھ پیلس میں اپنے دفتر سے موٹر کاروں اور ویگنوں کے ایک بڑے قافلے میں ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور پہنچے جہاں وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیرِِ اعظم عمران خان کے عظیم الشان تاریخی جلسہ عام میں شریک ہوئے ۔ پرنس بہاول خان عباسی کو جلسے کے اسٹیج پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے دائیں جانب مخصوص نشست پر بٹھایا گیا تھا جبکہ عمران خان کے بائیں جانب پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپی اور سابق وزیرِِاعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار موجود تھے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب سے قبل پرنس بہاول خان عباسی نے سابق وزیر اعظم کی توجہ بہاولپور ڈویژن کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی حالت زار کی جانب مبذول کرائی اور ان سے مطالبہ کیا کہ وہ دوبارہ ملک کے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد وفاقی اور صوبائی ملازمتوں میں ان کے لیے خصوصی کوٹہ مختص کریں۔ پرنس بہاول خان عباسی کا کہنا تھا کہ بہاول پور ڈویثرن کے ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان اپنی ڈگریاں ہاتھ میں لیے دفتروں کی خاک چھانتے پھر رہے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے پرنس بہاول خان عباسی کے مطالبے پر ہمدردانہ غور کا یقین دلایا۔