عمران خان کا مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان نوجوانوں کو چاند رات پر نکلنے کی ہدایت

Imran khan

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مئی کے آخری ہفتے میں ’امپورٹڈ حکومت‘ کے خلاف اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔

ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’کور کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پر تفصیل سے غور کیا گیا کہ اسلام آباد کی کال کب دینی ہے اور اس کی نوعیت کیا ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ غیرملکی سازش کرکے پاکستان کی توہین کی گئی،غیر ملکی سازش کےتحت کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا اور کابینہ میں 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جو وزیر اعظم بنا لوگ اسے کرائم منسٹر کہتے ہیں، ان پر نیب ایف آئی اے میں 40 ارب روپے کے کرپشن مقدمات ہیں،  پوری قوم مارچ کی تیاری کرے، ہماری تیاریاں چاند رات سے شروع ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے نوجوانوں کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ آپ نے جھنڈے پکڑ کر چاند رات کو نکلنا ہے اور ساری دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے۔ اس کے بعد ہماری ساری تیاری اسلام آباد مارچ کی ہوگی جو میرا ایمان ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمع جمع ہوگا، عوام کا سمندر اسلام آباد میں آئے گا جو یہ بتائے گا کہ کبھی آج کے بعد کوئی بیرونی ملک ہمارے اوپر ایک کرپٹ ٹولہ مسلط نہیں کرسکے گا، پاکستان کا فیصلہ پاکستان کی عوام کرے گی۔ 

مزید پڑھیں