عمران خان کا آج لاہور میں انتخابی ریلی نکالنے کا اعلان کارکن ظل شاہ کی ہلاکت پر پنجاب حکومت کا بیان مسترد
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اپنے کارکن ظل شاہ کی ہلاکت پر پنجاب حکومت کا بیان مسترد کردیا اور ساتھ ہی آج لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کردیا اور مطالبہ کیا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے ظل شاہ کی کار حادثے میں ہلاکت کے بیان کو مسترد کردیا اور کہا کہ ظل شاہ کو پولیس نے دوران حراست تشدد کرکے شہید کیا۔
عمران خان نے کہا کہ کہا کہ اس سے پہلے بھی ہمارے کارکنوں کو شہید کیا گیا اور رہنماوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، لیکن ظل شاہ کے ساتھ ظلم پر جو تکلیف ہوئی بیان نہیں کرسکتا، 25 مئی کو بھی پولیس نے اس کا بازو توڑ دیا تھا، ظل شاہ نے آج تک کسی کے ساتھ کچھ نہیں کیا وہ اپنی دنیا میں رہنے والا شخص تھا، پولیس اسے وین میں ڈال کر لے گئی، ڈیڑھے گھنٹے اس کے ساتھ کیا کیا؟ بعدازاں اس کی لاش سڑک سے ملی۔
عمران خان نے کہا کہ ایسے شخص کو وزیراعلیٰ بنایا گیا جس کے ذہن میں ہمارے خلاف زہر تھا، ہمارے کارکنوں نے بتایا کہ جہاں سے ہمارے قافلے گزرے پولیس ہمارے ساتھ تھی، یہ جو مسلط ہیں ہم پر یہ ہمیں انسان نہیں بھیڑ بکریاں سمھتے ہیں، آج یہ پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ ظل شاہ کے ساتھ حادثہ ہواہے، 25 مئی میں جو سی سی پی او ملوث تھا اس کو خاص بلاکر لگایا گیا، پولیس والے نے پیغام دیا کہ ہم نے تشدد نہیں کیا نامعلوم افراد نے کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ آئی جی کو شرم آنی چاہیے ہمارا کارکن مارا گیا اور مقدمہ مجھ پر کیا گیا، اب کوراپ کرنے کے لیے لوگوں سے بیانات دلائے جارہے ہیں، اب تمام ثبوت ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شہبازگل کو جس وجہ سے پکڑا گیا تھا، خواجہ آصف نے بھی وہی بیان دیا جس پر شہبازگل کو پکڑا گیا ، میں شہبازگل کو کہوں گا کہ خواجہ آصف کے خلاف پرچے کرے تاکہ اس کو بھی وہی سزا ملے جو شہبازگل کو دی گئی۔
سابق وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں سب تیار ہوں ظل شاہ کو پولیس نے دوران حراست تشدد کرکے شہید کیا۔آج دو بجے الیکشن ریلی کی قیادت کروں گا، لاہور کے لوگوں نکلنا ہے یہ بتانے کیلئے کہ ہم بھیڑ بکریاں نہیں، کل لاہور کے لوگ نکلیں گے آج ان کو بتائیں گے کہ قوم کہاں کھڑی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی کوشش ہے مجھے قتل کرکے یا کوئی دھماکے کرکے الیکشن کینسل کرائیں، مجھے پتا ہے کہ الیکشن روکنے کے لیے انھوں نے کچھ کرنا ہے، قوم ساری ہمارے ساتھ کھڑی ہے اس لیے یہ ڈرے ہوئے ہیں، جن کا کام قوم کو بچانا ہے وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوگئے ہیں۔