Advertisements

سیکرٹری اطلاعات و ثقافت آصف بلال لودھی کی زیر صدارت پنجاب ایڈورٹزمینٹ پالیسی 2012ء کے ترمیمی بل 2020ء کے حوالے سے اہم اجلاس

ASif Bilal Lodhi Secretary information picture
Advertisements

لاہور : سیکرٹری اطلاعات و ثقافت و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آصف بلال لودھی کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز کے آفس میں پنجاب ایڈورٹزمینٹ پالیسی 2012ء کے ترمیمی بل 2020ء کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نازیہ جبیں، ڈائریکٹر جنرل محکمہ تعلقات عامہ راؤ پرویز اختر، ڈائریکٹر ایڈورٹزمینٹ کرن فضل بٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس محکمہ تعلقات عامہ حسیب زیدی نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد 2012کی اشتہارات کی پالیسی پر 2020کے ترمیمی بل کے نفاذ میں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لینا تھا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو اشتہارات کی پالیسی کے ترمیمی بل کے نفاذ میں درپیش رکاوٹوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے علاقائی اخبارات کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ تعلقات عامہ کے لیے خصوصی الاؤنس کی سفارشات پر محکمہ خزانہ کے تحفظات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پالیسیاں سٹیک ہولڈرز کے مسائل کے حل کے لیے بنائی جاتی ہیں نا کہ مشکلات کے لیے۔ علاقائی اخبارات کے حقوق کا تحفظ محکمے کی ذمہ داری ہے جس سے ہم بخوبی واقف ہیں۔ اخبارات کے مالکان کے تحفظات کی روشنی میں اشتہارات کی پالیسی پر 2020کے ترمیمی بل پر نظر ثانی کے لیے کابینہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گا۔ محکمہ تعلقات عامہ ایک مدت سے حکومتی پالیسیوں کی تشہیر و تائید اور مثبت رائے عامہ کی ہمواری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ اطلاعات کے شعبہ میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے محکمے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ملازمین کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔محکمہ تعلقات عامہ کی خصوص الاؤنس کی سفارشات کو بھی محکمہ خزانہ کے تحفظات کو دور کر کے تھرو پراپر چینل کابینہ کمیٹی میں لے جایا جائے گا۔ اجلاس میں پلاک کی جانب سے سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا۔