تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کے سلسلے میں اہم پیش رفت، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب اور کسان بورڈ کی بھرپور حمایت کا عندیہ
جماعت اسلامی کے سابق امیر پنجاب ڈاکٹر وسیم اختر نے اپنی زندگی میں تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کے لیے بھرپور کردار ادا کیا پرنس بہاول عباس خان عباسی
مبارک پور: تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کے سلسلے میں اہم پیش رفت، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب اور کسان بورڈ کی بھرپور حمایت کا عندیہ نواب آف بہاول پور کے خاندان کے چشم و چراغ پرنس بہاول عباس خان عباسی نے تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کے سلسلے میں امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر ذیشان اختر، چیئرمین کسان بورڈ بہاولپور جام حضور بخش لاڑ اور دیگر اکابرین سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ بہاول پور کی بحالی، خطے کے عوام کے حقوق اور آئینی و جمہوری جدوجہد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کہا کہ صوبہ بہاول پور کی بحالی وقت کا تقاضا اور عوام کا آئینی حق ہے۔ بہاول پور صوبے کی بحالی نہ صرف اس خطے کے عوام کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہوگی بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے بہتر اور روشن مستقبل کی ضمانت بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کو سیاسی، سماجی اور عوامی سطح پر مزید منظم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی آواز مؤثر انداز میں اعلیٰ ایوانوں تک پہنچائی جا سکے۔ پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی صوبہ بہاول پور کی بحالی کے مطالبے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سابق امیر پنجاب ڈاکٹر وسیم اختر نے اپنی زندگی میں تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کے لیے بھرپور کردار ادا کیا اور اس حوالے سے قرارداد بھی پیش کی تھی۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر ذیشان اختر سے اپیل کی کہ جماعت اسلامی ایک مرتبہ پھر تحریک بحالی صوبہ بہاول پور میں اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کرے۔ ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر ذیشان اختر نے تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کے حوالے سے بھرپور کردار ادا کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے عوام کے مسائل، حقوق اور محرومیوں کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے صوبہ بہاول پور کے تاریخی پس منظر اور عوامی احساسات کو اہم قرار دیتے ہوئے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
میزبان چیئرمین کسان بورڈ بہاولپور جام حضور بخش لاڑ نے بھی تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور خطے کے عوام کے بنیادی حقوق اور مسائل کے حل کے لیے اجتماعی جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان بورڈ اور دیگر متعلقہ فورمز پر بھی اس حوالے سے آواز بلند کی جائے گی اور تحریک کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی کوشش کی جائے گی-
ملاقات میں شرکاء یحیی خان کلاچی، میاں عادل عباسی، احمد انصاری، ارسلان خاکوانی، طاہر باجوہ،جام خالد نے اس امر پر اتفاق کیا کہ تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کو وسیع عوامی، سیاسی اور سماجی حمایت کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے مختلف طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی ضرورت ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئینی اور جمہوری طریقہ کار کے تحت صوبہ بہاول پور کی بحالی کے مطالبے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر پرنس بہاول عباس خان عباسی نے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر ذیشان اختر، جام حضور بخش لاڑ اور دیگر اکابرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک بحالی صوبہ بہاول پور کسی ایک فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ اس خطے کے عوام کے مستقبل سے جڑا ہوا اہم معاملہ ہے، جس کے لیے تمام محب وطن اور عوام دوست قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

