امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے اہل پنجاب کیلئے خادم الحرمین الشرفین اور اہل مدینہ کی نیک خواہشات کا پیغام دیا
حضرت عمر فاروق حکمرانوں کیلئے مینارہ نور اورمشعل راہ تھے،حکمرانی کیلئے حضرت عمر فاروق کے ماڈل کی پیروی کرتی ہوں: مریم نوازشریف
لاہور12اگست:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے مسجد نبوی کے امام جناب ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے وزیراعلیٰ آفس پہنچنے پر ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکا پرتپاک استقبال کیا۔وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین کی صحت اور عمر میں خیر وبرکت کی دعا کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل پنجاب کی طرف سے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکو خوش آمدید کہتے ہیں،پاکستان ان کا گھر ہے۔میرے والد محمد نوازشریف کے ساتھ سعودی شاہی خاندان کی دوستی اوررفاقت قابل رشک ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہمارا پاور ہاؤس مدینہ منورہ میں ہے۔حکمرانی کیلئے حضرت عمر فاروق کے ماڈل کی پیروی کرتی ہوں۔حضرت عمر فاروق حکمرانوں کیلئے مینارہ نور اورمشعل راہ تھے۔اتنا لاہورکا پتہ نہیں لیکن مدینہ منورہ کی ہر ہر گلی کا علم ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہر روز دعاکرتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ مجھے عوام کی خدمت کامشن پوراکرنے کی توفیق دے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف کے ہمراہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات اچھی رہی۔محمد بن سلمان بھی عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اورمیرا مشن بھی یہی ہے۔شہزادہ محمد بن سلمان اخلاص کے ساتھ سعودی عرب کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔روحانی اورسیاسی رہنمائی کیلئے سعودی عرب سے رجوع کرتے ہیں۔مسلم امہ اوراہل پاکستان کا حرمین شریفین سے روحانی اورقلبی تعلق ہے۔قرآن اورسنت کے بعد سعودی عرب میں امام کعبہ اور امام مسجد نبوی سے رہنمائی لیتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے بہت سال مدینہ منورہ میں امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی امامت میں نماز کی سعادت عطا فرمائی۔امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی قرات سن کر رقت طاری ہوجاتی ہے اورایمان تازہ ہوجاتا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیرکی لاہورآمد ہماری عزت افزائی ہے۔امام مسجد نبوی کی تشریف آوری ہر پاکستانی کا اعزاز ہے۔ ہر مسلمان مشکل میں سعودی عرب کی ہی طرف رجوع کرتا ہے۔امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے اہل پنجاب کیلئے خادم الحرمین الشرفین اور اہل مدینہ کی نیک خواہشات کا پیغام دیا اورپرتپاک استقبال پروزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب آسمان پر اکٹھے چمکنے والے دو قطبی ستاروں کے مانند ہیں۔ پاکستان اورسعودی عرب سٹرٹیجک دوست ہیں،ماضی میں بھی تھے اور آئندہ بھی رہیں گے۔محمد نوازشریف پاکستان کے دوست ہیں،ان کی لیڈر شپ پاکستان کیلئے بہتری اورفلاح کا باعث ہے۔مریم نوازشریف بیٹی ہونے کے ناطے ان کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی گفتگو نے دل خوش کیا،دعا ہے اللہ تعالی اہل پاکستان کی محبت کو برقرار رکھے۔پنجاب میں آمد پر بھرپورمہمان نوازی ہوئی،کوئی کمی محسوس نہیں کررہا۔امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو بہن کہا اور مدینہ منورہ حاضری کی دعوت دی۔امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے پاکستان کی ترقی،عوام کی خوشحالی اورخیرو برکت کیلئے دعا بھی کرائی۔سعودی عرب پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی،ڈی جی منسٹری آف اسلامک افیئر مہتاب محمد الگدائی،عبدالرحمان عبدالکریم الحربی، ڈائریکٹر پروٹوکول ہانی عبیدالرمضانی اورپبلک ریلیشنز اینڈ پروٹوکول آفیسر زاہد ملک بھی سعودی وفد میں شامل تھے۔سینئر منسٹر مریم اورنگزیب،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان،پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اوردیگراس موقع پر موجود تھے۔