ریلوے اسٹیشن چنی گوٹھ کے قدیمی قبرستان میں ناجائز تعمیرات

چنی گوٹھ (نامہ نگار) سماجی رہنماؤں چوہدری عبد الغفار بینک والا، رانا ساجد غفار اور ذوالفقار علی قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشن چنی گوٹھ کے قدیمی قبرستان میں کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرنے والے بہاولپور کے رہائشی حکیم اللّٰہ دتہ نامی شخص کا ہمارے آباؤ اجداد کی قبریں مسمار کر کے اس کی قبر پر چار دیواری کرکے چھت ڈال دی گئی ہے جس سے متعدد قبریں مسمار ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی قبرستان کی بیحرمتی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبرستان میں پہلے ہی جگہ کم ہے اس کے باوجودقبرستان میں ناجائز تعمیرات کی جا رہی ہیں۔ سماجی رہنماؤں نے کہا کہ قبروں کو مسمار کرنے پر پورے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کمشنر بہاولپور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے فوری طور پر قدیمی قبرستان میں ناجائز تعمیرات کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ناجائز تعمیرات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
