انسانی حقوق پرپیشرفت نہ ہوئی تو جی ایس پی پلس مراعات خطرے میں پڑسکتی ہیں، سفیریورپی یونین
اسلام آباد: پاکستان میں یورپی یونین کے نئے سفیر رائمونڈس کاروبلس نےکہا ہےکہ انسانی حقوق پرپیشرفت نہ ہوئی تو جی ایس پی پلس مراعات خطرے میں پڑسکتی ہیں۔ جیونیوز کو انٹرویو میں رائمونڈس کاروبلس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق تحفظات جائز ہیں، افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو یہ مطالبہ درست ہے، ترکیے کی ثالثی سے پاکستان افغانستان بات چیت جاری رکھی جائے۔
رائمونڈس کاروبلس کا کہنا تھا کہ جبری گمشدگیاں جی ایس پی پلس مانیٹرنگ میں سرفہرست مسئلہ ہوں گی، پاکستان میں بڑھتے توہین مذہب کیسز تشویش ناک ہیں، جھوٹے مقدمات اور بلاسفیمی بزنس کا خاتمہ ضروری ہے۔ سفیریورپی یونین کا کہنا تھا کہ آزادی اظہار اور میڈیا اسپیس میں کمی ظاہر ہو رہی ہے، انسانی حقوق پرپیشرفت نہ ہوئی توجی ایس پی پلس مراعات خطرے میں پڑسکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان اور حکومت کو تسلیم کرتے ہیں مگر اصلاحات ضروری ہیں، آئینی ترمیم پاکستان کا داخلی معاملہ ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا فیصلہ عدالتوں کا اختیار ہے، سیاسی تنوع اور عدلیہ کی آزادی بنیادی اصول ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین نے 2022 کے سیلاب کے بعد تقریباً 1 ارب یورو امداد فراہم کی، کلائمیٹ چینج پر تعاون آئندہ بھی اولین ترجیح رہےگا۔

