مجھےکچھ ہوا تو عوام انصاف دلائیں گے، عمران خان
فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو پاکستان کے عوام نے ویڈیو دیکھنے کے بعد مجھے اور پاکستان کو انصاف دلوانا ہے۔
فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی بڑے مجرم کونہیں پکڑا گیا، نہ لیاقت علی خان کےاصل قاتل پکڑے گئے، نہ بھٹو کے جوڈیشل مرڈر کے ذمہ داروں کوسزا ملی ، اسی لیے انہوں نے ایک ویڈیو ریکارڈ کی ہے جس میں سازش میں ملوث کرداروں کے نام بتا دیے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھےکچھ ہوا تو عوام انصاف دلائیں گے، مجھےکچھ ہوا تو ویڈیو جاری ہوگی جس میں جن جن لوگوں کے میں نے نام لیے ہیں آپ نے ان میں سے ایک ایک کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑے کرنا ہے، یوں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طاقت ور قانون کے نیچے آئےگا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں معیشت چل پڑی تھی، انڈسٹری کھڑی تھی،دنیا ہماری تعریف کررہی تھی، لیکن پھرسازش کرکےہماری حکومت گرا دی گئی، جب بھی گورنمنٹ جاتی ہے لوگ مٹھائیاں بانٹتے ہیں لیکن ہماری حکومت جانے پر لوگ سڑکوں پر آگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کسانوں کو اتنا پیسا ملا جتنا کبھی پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملا، پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا اب ان سے حکومت سنبھل رہی ہے، میڈیا سے کہتا ہوں لوگوں سے ٹماٹر اور مرغی کے ریٹ پوچھیں،میڈیا سےکہتاہوں کہ لوگوں سے ٹماٹر اور مرغی کے ریٹ پوچھیں۔
انہوں نےکہا کہ بلاول امریکا سےکہےگا ہمیں پیسا دے دو ورنہ عمران خان دوبارہ آجائے گا، بلنکن کو پتہ ہے بلاول اور اس کے باپ کا پیسا کہاں کہاں ہے، امریکی کبھی مدد نہیں کریں گے جب تک ان کےگلے زنجیریں ٹائٹ نہ کردیں ، وہ کہیں گے فلسطین کی بات مت کرو ، بھارت آزاد ہے اس لیے امریکا اسے کچھ نہیں کہتا،امریکا نے ہمیں فتح کیے بغیر غلام بنایا ہوا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے کیسز کی تفتیشی افسر کو دباؤ ڈال کر مار دیا گیا اور ڈاکٹر رضوان اور نعمان اصغر کو دل کا دورہ کیسے پڑا سپریم کورٹ سو موٹو لے، جن کے اوپر کیسز ہیں انہیں ہی حکومت سپرد کردی گئی، جنہوں نے ایف آئی اے کے افسران کو تبدیل کردیا، میں اس زہر کو جانتا ہوں جس کے کھانے سے ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایک مثال دے دیں کہ وزیر اعظم انڈر ٹرائل ہو اور اسے ملک پر مسلط کیا گیا ہو، عوام کا سمندر دیکھ کر اسلام آباد والے خوف زدہ ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں بہت گرمی ہے، اگر میرے لیے گرمی نہیں ہے تو میرے نوجوانوں کیلئے بھی نہیں ہے، راناثنا اللہ نے 18 نہیں 22 قتل کیے ہیں، ان کی حکومت میں تب تک وزارت نہیں ملتی جب تک کوئی بڑا جرم نہ کیا ہو، آپ لوگوں سے صرف دو لفظ سنیں گے چور اور غدار، غلامی سے بہتر موت ہے، پاکستانی قوم نے ابھی اپنے اصل مقام پر پہنچنا ہے، اسلام آباد نکل کر ملک کو ان لوگوں سے آزاد کرانا ہے، بھگوڑا چور لندن میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے کر رہا ہے، منشیات فروش ضمانت پر ہے اور کابینہ میں ہے، آصف زرداری گاڈ فادر بن کر بیٹھا ہوا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ فیصل آباد میں تو ڈیزل کی کمی نہیں ہے، آپ کے جنون کو دیکھ کر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میری قوم میرے ساتھ نکل رہی ہے، میں دیکھ رہا ہوں کہ ایک آزاد پاکستان بننے جا رہا ہے، فیصل آباد کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے، فیصل آباد پاکستان کیلئے ایک اہم شہر ہے، سب سے بڑا مسئلہ ملک میں بے روزگاری ہوتی ہے، میں نے ملک میں روزگار بڑھایا، ہمارےساڑھے 3 سال میں فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری نے تمام ریکارڈ توڑدیئے، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری، پاور لومز بند ہورہی تھی۔