ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے نکالنے کے لیے دیانتدار قیادت اور اسلامی اصولوں پر مبنی نظام ناگزیر ہے مولانا صفی اللہ
آئندہ انتخابات میں جمعیت علماء اسلام بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی جمعیت علماء اسلام پنجاب کے قائم مقام امیر کی اوچ شریف کے نواحی علاقے کاٹھیہ فارم میں اہم پریس کانفرنس
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) جمعیت علماء اسلام پنجاب کے قائم مقام امیر مولانا صفی اللہ نے اوچ شریف کے نواحی علاقے کاٹھیہ فارم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے نکالنے کے لیے دیانتدار قیادت اور اسلامی اصولوں پر مبنی نظام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔
پریس کانفرنس میں مختلف ضلعی و تحصیل رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں قاری سیف الرحمن راشدی (ناظم عمومی جمعیت علماء اسلام بہاولپور)، مہر غلام ربانی کٹھیہ (سابق ٹکٹ ہولڈر ، قاضی عمر فاروق فاروقی (ناظم عمومی جے یو آئی احمد پور شرقیہ)، قاری محمد اسلم ایڈووکیٹ (ضلعی سیکرٹری اطلاعات بہاولپور)، مولانا اسد اللہ مدنی (امیر جمعیت علماء اسلام )، محمد طاہر قاسمی اعوان (ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات – سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔
رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حالات میں عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی سے شدید متاثر ہیں، حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں جمعیت علماء اسلام بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی اور عوامی طاقت سے کامیابی حاصل کرے گی۔پریس کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

