Contact Us

چڑیا گھر بہاول پور کا تاریخی نام ”شیر باغ بہاول پور“ بحال کر دیا گیا: کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور

historical name of Zoo Bahawalpur Sher Bagh Bahawalpur has been restored

بہاول پور:27/جون : چڑیا گھر بہاول پور کا تاریخی نام ”شیر باغ بہاول پور“ بحال کر دیا گیا ہے۔اس بات کا فیصلہ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور کی زیر صدارت چڑیا گھر بہاول پور کو بہتر بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جس میں کمشنر بہاول پور سمیت ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈی جی پی ایچ اے روبینہ اقبال عباسی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی افضل خان، ڈائریکٹر ڈائریکٹر وائلڈ لائف علی عثمان، ایم ڈی بی ڈبلیو ایم سی نعیم اختر، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد طیب، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر ناصر حمید سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انورنے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے شیر باغ کے سبزہ زاروں، لینڈ سکیپ، جانوروں پرندوں کے لیے قدرتی ماحول کی فراہمی کو مزید بہتر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے شیر باغ کی صفائی ستھرائی اور جانوروں پرندوں کے حفظان صحت کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شیرباغ کی تاریخی حیثیت اور اہمیت سے نئی نسل کو روشناس کیا جائے گا۔ ڈاکٹر احتشام انور نے کہا کہ شیر باغ کے جانوروں، پرندوں کے لیے مسلسل صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شیر باغ میں جانوروں، پرندوں کی کمی پوری کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور ضرورت سے زائد پرندے شائقین کو فروخت کردئیے جائیں گے۔انہوں نے شیر باغ کے غیر معیاری جھولے بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمشنر بہاول پور نے کہا کہ شیر باغ میں شائقین کے لیے ضروری سہولیات بشمول ٹائلٹس بلاک، کنٹین، پارکنگ کے نظم و نسق کو بہتر کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ شیر باغ میں قدرتی ماحول کی بہتری کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری اور جانوروں کے احاطوں میں فوارے نصب کیے جائیں گے۔ کمشنر بہاول پور ڈاکٹر احتشام انور نے ہدایت کی کہ شیر باغ (چڑیا گھر بہاول پور) کے تمام جانوروں، پرندوں کی جسمانی و ذہنی صحت کا معائنہ کر کے میڈیکل ریکارڈ مرتب کیا جائے اورجانوروں پرندوں کی ویکسی نیشن مکمل کی جائے اور انھیں قدرتی ماحول فراہم کرنے کے لیے شیر باغ کی تعمیر و مرمت کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیر باغ کی پارکنگ اور کنٹین پر اوور چارجنگ ختم کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شیر باغ میں جانوروں، پرندوں کو قدرتی ماحول فراہم کرنے کے لیے تعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ کمشنر بہاول پور نے ہدایت کی کہ شیر باغ بہاول پور کے صدردروازے کی تزئین و آرائش، سکیورٹی، واک تھرو گیٹ اور معلوماتی نقشہ کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں پرندوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں