Contact Us

شعبہ ایجوکیشنل ٹریننگ اسلامیہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام دو روزہ ہائرایجوکیشن انٹرنیشنل کانفرنس

Higher Education International Conference 2023

کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی شرکت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں دیرپاترقی کے اہداف کے نفاذ میں معاون ثابت ہو گی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب

شعبہ ایجوکیشنل ٹریننگ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام دو روزہ ہائرایجوکیشن انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوئی۔ دیرپا ترقی کے اہداف  میں اعلیٰ تعلیم کے کردار کے موضوع پر منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں دیرپا ترقی کے 17اہداف کے حصول میں تدریس و تحقیق کا معیار زیر بحث آیا۔ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب نے کہا کہ اس اہم ترین موضوع پر منعقد ہونے والی کانفرنس میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی شرکت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں دیرپاترقی کے اہداف کے نفاذ میں معاون ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی ترقی اور علاقائی اور بین الاقوامی یگانگت  کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کا مضبوط ہونا انتہائی ضروری ہے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ اور محققین، سول سوسائٹی، صنعتی اور تجارتی اداروں، دیگر طبقات اور عام لوگوں سے اشتراک عمل کے ذریعے اہم ترین مسائل کا حل پیش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف جامعات میں SDG’s کو اپنی ادارہ جاتی پالیسی میں شامل کیا ہے۔ دیرپااور ماحول دوست گرین کیمپس ایک یونیورسٹی کے لیے اور اس کے اردگرد معاشرے کے لیے بہت ضروری ہے اور یونیورسٹیاں اس کے نفاذ کے ذریعے معاشرے میں احسن کردار ادا کرسکتی ہیں  ۔ ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر ارشادحسین نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد اقوام متحدہ کی طرف سے دیئے گئے دیرپا ترقی کے اہداف کے نفاذ کے لیے ضروری تھا۔ اس سلسلے میں ماہرین نے متعلقہ موضوعات پر تحقیقی مقالے پیش کیے اور ایک دوسرے کے مشاہدات اور تجربات کا تبادلہ کیا ۔ کانفرنس میں حاصل کی گئی سفارشات پالیسی میکراداروں تک پہنچائی جائیں گی۔ڈین فیکلٹی آف ڈسٹنس ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر اختر علی نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں فاصلاتی نظام تعلیم کے بارے میں روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر حافظ محمد اطہر خان چیئرمین شعبہ ایجوکیشنل ٹریننگ نے کانفرنس میں مندوبین کو خوش آمدید کہا۔ فوکل پرسن ڈاکٹر محمد شاکر نے کانفرنس کے اغراض ومقاصد بیان کیے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود وائس چانسلر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد نے کلیدی خطبے میں پاکستان میں ہائرایجوکیشن کے مستقبل پر تفصیلی گفتگو کی اور 21ویں صدی میں پاکستان کو درپیش ہائر ایجوکیشن کے چیلنجز کا احاطہ کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال سابق پرنسل قائداعظم میڈیکل کالج بہاول پور نے کہا کہ تعلیم نہ صرف انفرادی ترقی، قومی بلکہ عالمی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ مضبوط تعلیمی نظام کے حامل ممالک صف اول کی قوموں کا درجہ رکھتے ہیں۔ انفرادی طور پر کردار سازی کی ضرور ت ہے اور ہمارے اساتذہ ان اخلاقی اقدار کو طلباء طالبات میں پروان چڑھا سکتے ہیں۔ پروفیسر ٹی ایس محمد ستار رسول چیئرمین سنٹر آف سٹیم ایجوکیشن، فیکلٹی آف ایجوکیشن، یونیورسٹی کیبنگسان ملائیشیا،پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم ادیب، پرو ریکٹر، NCBAE بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر خالد خورشید، سابق چیئرمین شعبہ تعلیم بہاء الدین زکریا یونیورسٹی  ملتان، پروفیسر کرسٹوفر ہل، فیکلٹی آف ایجوکیشن برٹش یونیورسٹی دبئی، غازی محبوب عالم شعبہ فاؤنڈیشن ایجوکیش فیکلٹی آف ایجوکیشنل سٹڈیز یونیورسٹی پٹرا ملائیشیا، ڈاکٹر کولپا سورتانا، فیکلٹی آف لاجسٹک اینڈ ڈیجیٹل سپلائی چین ناریسوان یونیورسٹی تھائی لینڈ، ڈاکٹر صاحبی حیدری اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ تعلیم ٹیکنالوجی ہائر کالج ابو ظہبی یو اے ای اور میکاریو جی گیتا فلپائن کرسچن یونیورسٹی گریجویٹ اسٹڈیز، بزنس مینجمنٹ اینڈ ٹرانس نیشنل ایجوکیشن منیلا فلپائن اور دیگر اہم مقررین نے خطاب کیا، جبکہ کانفرنس کے آٹھ سیشنز میں 148 تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔

Higher Education International Conference 2023

مزید پڑھیں