چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات بارے کمشنر بہاول پور ڈویژن کے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس

Cholistan Desert Rally ,meeting reviews arrangements in Commissioner office

بہاول پور:20/دسمبر( )19 ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات بارے کمشنر بہاول پور ڈویژن کے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری محکمہ سیاحت راجہ جہانگیر انور، کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور رائے بابر سعید، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ایڈیشنل کمشنر رابطہ جام آفتاب احمد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد طیب، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی راؤ ندیم اخترسمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ صوبائی سیکرٹری سیاحت راجہ جہانگیر انور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ19 ویں چولستان ڈیزرٹ ریلی کی تقریبات کے سلسلہ میں 7 روزہ جنوبی پنجاب میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ”پریٹی پنجاب“ برینڈنگ کے ذریعے صوبہ میں سیاحت کے امکانات میں اضافہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ریلی کے دوران سیاحوں کی سہولت کے لیے چولستان میں ٹینٹ ہوٹل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے گزشتہ ریلی کے اقدامات اور نئے شامل کیے گئے ایونٹس بارے بریفنگ دی۔ انھوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو مقررہ اہداف کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید نے ریلی کے انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات بارے آگاہ کیا۔