گل پلازہ میں پیش آنے والے دلخراش سانحہ پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے عارف عزیز شیخ
اس افسوسناک واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ داران کا تعین ہو سکے سابق رکن قومی اسمبلی کا متعلقہ اداروں سے مطالبہ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق رکن قومی اسمبلی عارف عزیز شیخ نے گل پلازہ میں پیش آنے والے دلخراش سانحہ پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعہ پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ سانحہ نے پورے علاقے کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے اور کئی خاندان اپنے پیاروں سے محروم ہو گئے ہیں۔عارف عزیز شیخ کا کہنا تھا کہ اس المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس کا دکھ اور کرب الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
سابق ایم این اے نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل دے اور زخمیوں کو جلد از جلد مکمل صحت عطا فرمائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ داران کا تعین ہو سکے اور آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی انتظامات اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد ناگزیر ہے، تاکہ مستقبل میں کسی اور خاندان کو اس طرح کے دکھ سے نہ گزرنا پڑے۔

