خوشحال پنجاب، سڑکیں بحال سکیم کے تحت پی پی 248 میں 11 سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ٹینڈرز 11 فروری کو طلب حسن عسکری شیخ
مجموعی طور پر تقریباً 30 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر اور بحال کی جائیں گی, صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کی سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب اور ایم پی اے حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ کی زیرِ قیادت خوشحال پنجاب، سڑکیں بحال سکیم کے تحت حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت 11 سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ٹینڈرز 11 فروری 2026 کو طلب کیے گئے ہیں، جن پر مجموعی طور پر تقریباً 30 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر اور بحال کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق جن سڑکوں کو اس ترقیاتی پیکیج میں شامل کیا گیا ہے ان میں میٹل روڈ این فائیو تا پل مہر ظفر آر ڈی 6500 چک نمبر 150 این پی، بستی دل احمد سندھو، میٹل روڈ اوچشریف چنی گوٹھ روڈ تا دربار پیر محمد شاہ چک نمبر 155 این پی، میٹل روڈ ڈیرہ عارف عزیز شیخ روڈ چک نمبر 153 این پی تا بستی چنڑ چک نمبر 157 این پی، میٹل روڈ اوچشریف چنی گوٹھ روڈ تا بستی رڈاں موضع رام کلی، میٹل روڈ ڈیرہ حمید نائچ تا جام حضور بخش لاڑ موضع حاصل لاڑ، میٹل روڈ رانا چوک تا ڈیرہ جام ظفر سلطان واہ موضع سوجھلا ٹانوری، میٹل روڈ گرلز ہائی سکول چنی گوٹھ طاہر والی روڈ تا جناح آبادی روڈ شامل ہیں۔اس کے علاوہ تحصیل یزمان کے مختلف چکوں میں مزید چار سڑکوں کی تعمیر و مرمت بھی اس سکیم کا حصہ ہے، جس سے دور دراز دیہات کے مکینوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی اور زرعی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
اس موقع پر ایم پی اے حسن عسکری شیخ کا سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق حلقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ سڑکوں کی بہتر حالت سے نہ صرف عوام کو سفری سہولت ملے گی بلکہ علاقائی ترقی، کاروبار اور زرعی اجناس کی ترسیل میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام منصوبے معیاری میٹریل اور شفاف طریقہ کار کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حسن عسکری شیخ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے حلقے کی مجموعی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

