حلقہ پی پی 248 چنی گوٹھ ، کلاب ، شاہی والا اور چولستان سے ہمارے امیدوار حسن عسکری شیخ ہوں گے : عارف عزیز شیخ

چنی گوٹھ (نامہ نگار) سابق ایم این اے و شیخ گروپ کے سربراہ عارف عزیز شیخ نے کہا ہے کہ حلقہ پی پی 248 چنی گوٹھ ، کلاب ، شاہی والا اور چولستان سے ہمارے امیدوار حسن عسکری شیخ ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے فارم ہاؤس پر حسن عسکری شیخ ، سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق ، سماجی رہنما ملک خورشید بھٹی ، مہر بشیر احمد، مہر محمد رفیق سابق کونسلر ، ملک ملازم حسین کلیار اور رئس صدیق چاچڑ کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ حسن عسکری شیخ موجودہ حلقہ بندیوں کے باوجود بھی مضبوط امیدوار سامنے آئے ہیں اور علاقے میں ان کو عوام کی جانب سے ان کو بہت پذیرائی مل رہی ہے ، شیخ گروپ کے سربراہ عارف عزیز شیخ نے کہا کہ ایم این اے امیدوار ابھی دو امیدوار سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور سنیٹر چوہدری سعود مجید آمنے سامنے ہیں ہم نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ حسن عسکری شیخ کس امیدوار کی ونگ ہوں گے ابھی اپنے دوستوں سے مشاورت جاری ہے ۔ عارف عزیز شیخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ میں قومی اسمبلی کے کس حلقہ اور کس پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑوں گا ۔ میں اپنے دوست احباب کی مشاورت کے بعد ہی جلد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا کیونکہ ابھی تک حلقہ بندیاں ہی فائنل نہیں ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ گروپ کے دروازے عوام کے لئے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں ہم نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔