حسن عسکری شیخ — سیاسی وراثت اور ترقیاتی قیادت کا روشن استعارہ

تحریر: احسان احمد سحر
سیاسی ورثے کی بنیاد
حسن عسکری شیخ کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس نے ریاست بہاولپور اور جنوبی پنجاب میں سیاست کو نہ صرف پروان چڑھایا بلکہ عملی سیاست میں مثالی کردار ادا کیا۔ ان کے والد، مرحوم شجاع اللہ شیخ، 1977ء کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر یزمان سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ ان کا شمار ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی سیاسی کارکنوں میں ہوتا تھا۔ بدقسمتی سے، وہ 1979ء میں جانوالہ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، جب وہ سردار فضل احمد لنگاہ کی انتخابی مہم میں شریک تھے۔
ان کے دادا، حفیظ اللہ شیخ، سابق ریاست بہاولپور کی حکومت میں وزیر تعلیم رہے۔ وہ اس وقت حکومت کا حصہ تھے جب ریاست کی باگ ڈور نواب سر صادق محمد خان خامس عباسی کے پاس تھی۔ اس دور میں ریاست بہاولپور کے پاس خود مختار وزارتیں اور اسمبلی موجود تھی۔
ان کے چچا میجر (ر) سمیع اللہ شیخ 1993ء کے انتخابات میں پی پی 218 (چنی گوٹھ-اوچ شریف) سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔ ان کے کزن عارف عزیز شیخ 2008ء میں این اے 183 (احمدپور شرقیہ) سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
عوامی سطح سے سیاسی سفر
حسن عسکری شیخ نے سیاست کا آغاز عوامی سطح سے کیا اور یونین کونسل راجڑھو چنی گوٹھ کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ ان کی قیادت میں مقامی سطح پر مسائل کے حل، ترقیاتی اسکیموں، اور کمیونٹی شراکت داری کو فروغ ملا۔ ان کا طرز سیاست مسائل کا عملی حل اور عوامی رسائی پر مبنی ہے۔
وہ ماضی میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی سے وابستہ رہے اور بعد ازاں مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی۔ ان کے بین الجماعتی سیاسی تجربے نے انہیں علاقائی سیاست اور انتظامی ڈھانچوں کا گہرا شعور عطا کیا۔
ترقیاتی وژن اور عوامی خدمت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر حسن عسکری شیخ نے حلقہ پی پی 248 میں چھ ماڈل دیہات کے منصوبے کا اعلان کیا، جن پر 30 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ ہر دیہات کو 5 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہاں شہری سہولیات جیسے پختہ سڑکیں، صاف پانی، سولر لائٹس، نکاسی آب، تعلیم و صحت کی سہولتیں اور دیگر بنیادی ڈھانچے فراہم کیے جا سکیں۔
یہ دیہات درج ذیل ہیں:
- بستی چنڑ (موضع چنی گوٹھ)
- جناح کالونی (چک نمبر 157/این پی)
- ٹبہ نزیر آباد (چک نمبر 151/این پی)
- بستی اتیرا (موضع اتیرا)
- بستی دایا (موضع مہند)
- بستی ملاں والی
علاوہ ازیں، چوہدری طارق بشیر چیمہ کے تعاون سے 134 بستیوں میں بجلی کی فراہمی کا منصوبہ جاری ہے، جس پر 24 کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ یہ منصوبہ ان علاقوں میں روشنی کی کرن بن کر ابھرا ہے جہاں کئی دہائیوں سے بجلی میسر نہ تھی۔
تعلیمی شعبے میں، ان اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کی جا رہی ہے جہاں گنجائش کم ہے۔ چنی گوٹھ میں جدید طرز کے اسپورٹس کمپلیکس کے لیے اے ڈی پی میں فنڈز منظور ہو چکے ہیں تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ریسکیو 1122 سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے، جو ہنگامی حالات میں بروقت طبی امداد اور ریلیف فراہم کرے گا۔
انہوں نے یہ عزم ظاہر کیا کہ چنی گوٹھ، مہند، راجڑھو، کلاب، اور خرم پور جیسی یونین کونسلوں میں پچیس سالہ محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
قیادت کا نیا رخ
ایماندار، شائستہ مزاج، اور عوام دوست حسن عسکری شیخ نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں عوام کے نمائندہ ہیں۔ وہ سیاسی ورثے کے ساتھ ساتھ جدید ترقیاتی فکر کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، جو اس پسماندہ خطے میں بہتری اور خودمختاری کی نوید ہے۔