گندم اور چارے کی فصلیں شدید متاثر ہو رہی ہیں ترقی پسند کاشتکار اور سابق چیئرمین چنی گوٹھ کی پریس کانفرنس
چنی گوٹھ (نامہ نگار) ترقی پسند کاشتکار حسن عسکری شیخ اور سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ و مثالی کاشتکار مہر محمد صدیق نے کہا ہے کہ محکمہ انہار ششماہی نہروں میں پانی کی فراہمی بند کر کے فلڈ چینلز کو پانی فراہم کر رہا ہے جس سے گندم کی فصل پانی نہ ملنے سے شدید متاثر ہو رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ فارمز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کے نرخ زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹیوب ویل چلا کر فصلوں کو سیراب کرنا بہت مہنگا پڑتا ہے کسان پہلے ہی کپاس کی ایک تو پیداوار کم ہوئی ہے اور اب اس کا کوئی خریدار نہیں اور اب رہی سہی کسر محکمہ انہار نے عباسیہ کینال سے نکلنے والی ششماہی نہروں کرم واہ ،تسلیم واہ اور پنجند کینال سے نکلنے والی نہروں مہند واہ، بوہڑ واہ اور دیگر نہروں میں پانی کی فراہمی بند کر دی ہے جس سے گندم اور چارے کی فصلیں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ حسن عسکری شیخ اور مہر محمد صدیق نے کہا کہ اگر فوری طور پر نہروں میں پانی فراہم نہ کیا گیا تو گندم کا مقرر کردہ گورنمنٹ کا مطلوبہ ہدف پورا نہیں ہو گا اور کسانوں کو بھی خاطر خواہ نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے سیکرٹری آبپاشی پنجاب اور چیف انجینئر انہار بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔