پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک صرف فوٹو سیشن ثابت ہوئی: حسن عسکری شیخ صوبائی رہنما مسلم لیگ ن

چنی گوٹھ (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک صرف فوٹو سیشن ثابت ہوئی، کیا جانوروں والے پنجرے سڑکوں پر رکھ کر خود کو اندر بند کرنے کے فوٹو بنوانے والے جیلیں بھریں گے؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حسن عسکری شیخ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک ہر طرح سے فلاپ شو تھا پی ٹی آئی کے کارکن سیاستدان کی بجائے ڈرامے باز ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کی تشہیر کے لئے کروڑوں روپے لگا دیئے چند افراد کی گرفتاری سے ثابت ہو گیا کہ جیل بھرو تحریک ایک ڈرامہ اور شغل میلہ کے سوا کچھ نہیں تھا۔ پولیس کے بار بار اعلان کرنے کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنوں نے گرفتاری نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سے 200 کارکنوں کی گرفتاری کی فہرستیں لہرانے والے خود غائب ہو گئے ۔ حسن عسکری شیخ نے کہا کہ خود کو پاکستان کی بڑی جماعت کہنے والے جیل بھرو تحریک سے ہی اپنی مقبولیت کا اندازہ لگا لیں۔ جیل بھرو تحریک نے پی ٹی آئی کی مقبولیت کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے۔ ان شاء اللّٰہ عام انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو عبرتناک شکست ہو گی۔