ماہِ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، بھائی چارے اور ایثار کا درس دیتا ہے حسن عسکری شیخ
ایسے بابرکت مہینے میں منعقد ہونے والے اجتماعی پروگرامز معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں
صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی کی موضع حاصل لاڑ میں چوہدری اعجاز جٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، بھائی چارے اور ایثار کا درس دیتا ہے، اورایسے بابرکت مہینے میں منعقد ہونے والے اجتماعی پروگرامز معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ موضع حاصل لاڑ میں چوہدری اعجاز جٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ جس میں سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق ، سابق چیئرمین یونین کونسل مہند ملک راشد محمود نائچ ، سابق وائس چیئرمین یوسی چنی گوٹھ چوہدری محمد خالد گجر ، ساب ق کونسلر جام سعید احمد لاڑ ، چوہدری محمد منشاء گجر ، چوہدری طاہر جٹ ، رئیس مقصود احمد ، ارشاد جٹ ، ملک خلیل نائچ ، شاہد نائچ اور دیگر شریک تھے ۔
حسن عسکری شیخ نے کہا کہ عوامی نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل کو براہِ راست سن کر ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ایسے مواقع نہ صرف باہمی تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دینے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اس موقع پر مقامی لوگوں نے سولنگ کی تعمیر اور طاہر مائنر کو پختہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔حسن عسکری شیخ نے میزبان چوہدری اعجاز جٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ معززین اور عوام کی جانب سے ملنے والی محبت اور اعتماد ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہیں اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ شرکاء نے ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا۔

