چنی گوٹھ اور کلاب میں بنیادی سہولیات میسر نہیں امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ

Hasan Askari Sheikh speech at the consultation meeting

چنی گوٹھ (نامہ نگار) امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ چنی گوٹھ اور کلاب میں بنیادی سہولیات میسر نہیں ، عوامی نمائندوں نے ہمارے علاقوں میں کوئی توجہ نہیں دی ، عوام کو سبز باغ دکھا کر ووٹ تو لے جاتے ہیں مگر دوبارہ ان علاقوں کا رخ نہیں کرتے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ چنی گوٹھ شہر میں مقامی تاجر راؤ رضوان علی میزبانی میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کا ڈائریکٹو جاری کیا تھا مگر مفاد پرست عناصر نے گرلز کالج کا منصوبہ ہی ختم کرا کر فنڈ دوسری مد میں منتقل کرا لیا اب ہماری بیٹیاں یا تو میٹرک کے بعد تعلیم کو خیر باد کہہ دیتی ہیں یا پھر پچیس کلومیٹر کا سفر طے کرکے لیاقت پور یا احمد پور شرقیہ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جاتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ مین روڈ پر واقع آر ایچ سی کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اس کو آج تک کسی نے اپ گریڈ نہیں کروایا اور تو اور ہمارے علاقے میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ، تقریباً چار سال قبل لگنے والے فلٹریشن پلانٹ آج تک چالو نہیں ہو سکے ، شہر کی تمام سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ ہمارے علاقے کے نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے نوکریوں کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں مگر ہمارے حصے کی نوکریاں کی بولی لگائی جاتی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بنیادی حقوق حاصل کرنے کے لئے جنگ لڑنا ہو گی جس کے لئے سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہو گا تب ہی ہم اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں ۔ اس موقع پر شہر کےسرکردہ افراد ، راؤ محمد اسلم چوہان ، علی عمران، ماسٹر اشرف، راؤ عارف ریحان، رانا ساجد غفار، راؤ مہران افضل، ملک صفدر حمید، راؤ رمضان منشی ، راو توقیرتاج ‘راؤ فرحان افضل ، کاظم پاشا، راؤ راشد ، چوہدری عمر سعید ، محمد خان لبانہ ، محمد افضل پنوار ، عبد الحفیظ فہیم اور دیگر موجود تھے ۔

مزید پڑھیں