حسن عسکری شیخ کی صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ملاقات
پنجاب کے بجٹ، عوامی فلاح و بہبود اور حلقہ پی پی 248 سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا
چنی گوٹھ (نامہ نگار)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 حسن عسکری شیخ نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے اہم ملاقات کی، جس میں پنجاب کے بجٹ، صوبے کی مجموعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور حلقہ پی پی 248 سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب بالخصوص حلقہ پی پی 248 کے لیے ترقیاتی فنڈز، بنیادی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، تعلیم، صحت، صاف پانی، نکاسیٔ آب اور دیگر عوامی مسائل کے حل پر خصوصی گفتگو کی گئی۔ اس کے علاوہ صنعت و تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے، مقامی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے، روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے اور صنعتی شعبے کو مزید فعال بنانے سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔
حسن عسکری شیخ نے اپنے حلقے کے عوام کو درپیش مسائل، ترقیاتی ضروریات اور عوامی مطالبات سے صوبائی وزیر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اور ترقی کے ثمرات ہر علاقے تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بجٹ میں جنوبی پنجاب اور خصوصاً حلقہ پی پی 248 کے ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب متوازن ترقی، عوامی خدمت اور صنعتی و معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ترقیاتی کاموں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آ سکیں۔

