گزشتہ پچیس سال سے برسرِ اقتدار رہنے والوں نے ہمارے علاقوں کو پسماندہ رکھا اب ان کا محاسبہ کرنا ہو گا : حسن عسکری شیخ
امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 چنی گوٹھ ، کلاب ، شاہی والا ، چولستان کی سابق کونسلر ملک عبدالغفار مہتم کے دفتر میں عمائدین علاقہ سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار)امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 248 چنی گوٹھ ، کلاب ، شاہی والا ، چولستان حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ شیخ گروپ نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ، گزشتہ پچیس سال سے بر سرِ اقتدار رہنے والوں نے ہمارے علاقوں کو پسماندہ رکھا اب ان کا محاسبہ کرنا ہو گا اور اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے ہمیں یکجا ہونا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی مشاورتی مہم کے سلسلے میں موضع محمود مہتم کے نمبر دار و سابق کونسلر ملک عبدالغفار مہتم کے دفتر میں عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ ہمارا علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے اس کا کوئی پرسان حال نہیں آمد و رفت کے وسائل نہ ہونے کے برابر ہیں ہم اپنی اجناس کھیت سے منڈی تک لے جانے کے لئے پریشان ہیں کیونکہ اکثر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، ہماری بیٹیاں میٹرک کے بعد تعلیم کو خیر باد کہہ کر گھر بیٹھ جاتی ہیں ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ روزگار کے مواقع میسر نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے نوجوان منفی سرگرمیوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں ، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔ ملک عبدالغفار مہتم نمبر دار نے اپنے سیکڑوں ساتھیوں سمیت حسن عسکری شیخ کی بھرپور حمایت کا اعلان بھی کیا ۔ اس موقع پر ملک غلام محمد ، ملک امام بخش ، حاجی مختار احمد ، مہر محمد رفیق سابق کونسلر ، چوہدری دل احمد سندھو سابق کونسلر ، مولوی محمد قاسم وٹو ، عباس جوئیہ ، رانا ساجد غفار سمیت درجنوں افراد موجود تھے ۔