25 سال اقتدار انجوائے کرنے والوں نے صوبائی حلقے کو ترقی سے محروم رکھا حسن عسکری شیخ
چنی گوٹھ (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ پچیس سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے چنی گوٹھ اور اوچشریف میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے ، ہمارا گروپ اقتدار میں آ کر علاقے کی تقدیر بدل دے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ چنی گوٹھ اور بلہ جھلن میں عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ مسلم لیگ ن کے سابقہ دور حکومت میں چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کی منظوری کرائی گئی مگر تعلیم دشمن عناصر نے گرلز ڈگری کالج کا منصوبہ ختم کرا کے کسی اور مد میں تبدیل کرا لیا اور اب ہماری بیٹیاں پچیس کلومیٹر دور لیاقت پور یا احمد پور شرقیہ تعلیم حاصل کرنے کے لئے جاتی ہیں بلکہ اکثر طالبات میٹرک کے بعد اپنی تعلیم کو خیر باد کہہ دیتی ہیں ۔ حسن عسکری شیخ نے کہا کہ چنی گوٹھ کی چند گلیوں میں ٹف ٹائل لگائی گئی انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کی گلیوں کو چھوڑ کر صرف اپنوں کو نوازا گیا اور یہاں تک کہ جس گلی میں ان کے سیاسی مخالفین کے گھر آ جاتے تھے ان کو درمیان میں سے چھوڑ کر آگے ٹف ٹائل لگا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لئے میدان سیاست میں اترے ہیں ۔ قبل ازیں انہوں نےجام شاہ محمدنہایا کے بیٹے جام محمد سہیل نہایاکاایکسیڈینٹ ہونے پر ان عیادت کی اس موقع پر جام قاسم نہایا بھی موجود تھے۔