گزشتہ پچیس سالوں سے اقتدار میں رہنے والوں نے علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے کچھ نہیں کیا حسن عسکری شیخ
میں آج بھی اپنے وعدے پر قائم ہوں اور برلب سڑک پانچ ایکڑ اپنی ذاتی زمین چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج کالج کے لئے عطیہ کرنے کے لئے تیار ہوں
آنے والا دور مسلم لیگ ن اور نوجوانوں کا ہے مسلم لیگ ن کے امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 250 کی مسلم لیگ یوتھ ونگ کے کارکنوں سے گفتگو
چنی گوٹھ (نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما و امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 250 چنی گوٹھ اوچشریف، دھوڑ کوٹ حسن عسکری شیخ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے بنیادی حقوق چھیننے پڑیں گے ، گزشتہ پچیس سالوں سے اقتدار میں رہنے والوں نے علاقے کی تعمیر وترقی کے لئے کچھ نہیں کیا ، آنے والا دور مسلم لیگ ن کا اور نوجوانوں کا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیخ فارمز پر سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کے ہمراہ مسلم لیگ یوتھ ونگ مرکز چنی گوٹھ کے کارکنوں جو کہ رانا ساجد غفار کی قیادت میں ان کو عید کی مبارکباد دینے کے لئے آئے ہوئے تھے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ مرکز چنی گوٹھ بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، چنی گوٹھ میں رورل ہیلتھ سنٹر موجود ہے مگر اس کی بلڈنگ ناکارہ ہو چکی ہے کوئی خاطر خواہ سہولیات میسر نہیں ڈاکٹرز کو مریض بی وی ایچ بہاولپور ریفر کرنا پڑتے ہیں جن میں سے اکثر مریض راستے میں ہی دم توڑ دیتے ہیں ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابقہ دور حکومت میں چنی گوٹھ میں گرلز ڈگری کالج منظور ہوا تھا جس کے فنڈز بھی جاری ہو چکے تھے مگر عوامی نمائندوں نے جگہ میسر نہ ہونے کا بہانہ بنا کر یہ منصوبہ ختم کرادیا گیا ، انہوں نے کہا کہ میں آج بھی اپنے وعدے پر قائم ہوں اور برلب سڑک پانچ ایکڑ اپنی ذاتی زمین کالج کے لئے عطیہ کرنے کے لئے تیار ہوں ، انہوں نے کہا کہ میری زمین شہر سے صرف تین کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور اس کے لئے میں بس بھی لے کر دینے کو تیار ہوں مگر ہماری بچیوں کے ساتھ تعلیم دشمنی نہ کی جائے اعلیٰ تعلیم ہماری بچیوں کا حق ہے انہیں اس حق سے محروم نہ کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ میرا مقصد کسی کی کردار کشی کرنا نہیں بلکہ علاقے کی عوام کو ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہ کرنا ہے ، انہوں نے کہا کہ علاقے کی تقریباً تمام رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں کاشتکاروں کو اپنی اجناس کھیت سے منڈی تک لے جانے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کئی کلومیٹر کا اضافی سفر طے کرکے اپنی اجناس منڈی تک پہنچانی پڑتی ہیں جن پر وقت کے ساتھ ساتھ اخراجات بھی زیادہ آتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آنے والا دور نوجوانوں کا دور ہے اگر ہم آنے والی نسلوں کے لیے کچھ نہ کر سکے تو اس کے ذمہ دار ہم ہوں گے ، انہوں نے کہا کہ مرکز چنی گوٹھ میں کھیل کے میدان نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان نشہ کی طرف راغب ہو رہے ہیں اگر یہاں کھیل کا میدان ہوں تو نوجوان اپنی کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھیں اور نشہ کی لت سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں ، حسن عسکری شیخ نے کہا کہ حلقہ پی پی 250 کی غیور عوام اپنے حقوق کی خاطر آواز بلند کریں اور آئندہ اپنے ووٹ کا فیصلہ اپنے ضمیر کی آواز پر کریں ۔ قبل ازیں جام عبدالغفور گھوٹیہ ، جام شاہ محمد نہایا ، مہر محمد رفیق ، اللّٰہ دتہ پنوار ، ملک مجید ماتم، رانا محمد فاروق، سابق کونسلر رانا عبدالرحیم اور دیگر نے ان کو عید کی مبارکباد دی ، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ملاقات کرنے والے کارکنوں انجینئرجام قاسم محمد نہایا ، راؤ رضوان علی ، چوہدری عمر سعید ، ڈاکٹر مہر ہمایوں صدیق ،انجینئر مہر حسنین صدیق، ملک صفدر علی، رانا عبدالقدیر، رانا محمد افضل سمیت درجنوں نوجوان موجود تھے