حمزہ شہباز نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
مریم نواز، اراکین اسمبلی،پارٹی عہدیداروں اور اہم شخصیات کی شرکت
عوام کے مسائل کا پورا احساس ہے،وزیراعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کیلئے وقف رہے گا:حمزہ شہباز
لاہور30اپریل: – حمزہ شہباز نے آج وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا۔حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے حمزہ شہباز سے وزارت اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز،وفاقی وزراء، اراکین اسمبلی، پارٹی عہدیداروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی اورحمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے”دیکھو دیکھو کون آیا….شیر آیا شیر آیا“ اور ”حمزہ شہباز….زندہ باد“ کے نعرے لگائے۔حمزہ شہباز نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ کا عہدہ عوام کی حقیقی خدمت کیلئے وقف رہے گا۔ وزارت اعلیٰ کو منصب نہیں سمجھتا، اس عہدے کوعوام کی فلاح کیلئے استعمال کروں گا۔حمزہ شہبازنے کہاکہ عوام کے مسائل کا پورا احساس ہے اورمیرا پل پل عوام کے مسائل کے حل کیلئے صر ف ہوگا۔