حمزہ شہباز کا پنجاب کے نوے لاکھ غریب خاندانوں کے لیے سو یونٹ مفت بجلی کا اعلان
لاہور4جولائی:ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکج,وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے صوبے کے نوے لاکھ غریب خاندانوں کے لیے سو یونٹ مفت بجلی کا اعلان کردیا۔صوبے کی تقریبا نصف آبادی کو جولائی سے مفت بجلی فراہم کی جائے گی, وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ طبقے کو مشکل معاشی حالات سے نکالنے کے فیصلوں پر مجھے کہا گیا کابینہ کے بغیر اتنا بڑا فیصلہ نہ لیں,نیب کیس بن جائے گا, میں نے کہا عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر مشکل کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔۔وزیراعلیٰ پنجاب محمدحمزہ شہباز شریف نے صوبے کے پسماندہ طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 100یونٹ استعمال کرنے والے صوبے کے تمام صارفین کو مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔100 یونٹ بجلی استعمال کرنیوالے 90 لاکھ سے زائد خاندانوں کا بل حکومت پنجاب ادا کریگی،مفت بجلی فراہم کرنے کے لئے 100 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔صوبے کی تقریبانصف آبادی کو رواں ماہ سے مفت بجلی دی جائیگی،اگست میں آنیوالے بل کی ادائیگی حکومت پنجاب کریگی۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ”وزیراعلیٰ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام“کے تحت ماہانہ 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا مکمل بل حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ پسماندہ طبقے کی مہنگائی کے باعث موجودہ مالی مشکلات کے پیش نظر”وزیراعلیٰ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام“ شروع کیا جا رہا ہے۔جس کے تحت مفت بجلی یکم جولائی سے صوبہ پنجاب کے 44لاکھ سے لے کر 90لاکھ گھرانوں تقریباًساڑھے پانچ کروڑ افراد کو مفت بجلی دی جائے گی۔ ”وزیراعلیٰ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام“ کے تحت 100یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بل اوراس میں موجود تمام ٹیکسز اورڈیوٹیز حکومت پنجاب ادا کرے گی،اس ضمن میں پچھلے چھ ماہ میں 100یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے و الے صارفین سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بتایا کہ روشن گھرانہ پروگرام سے صوبے کی تقریباًنصف آبادی مستفید ہوسکے گی اورایک سال کے دوران حکومت پنجاب توانائی کے متبادل ذرائع کے طورپر سولر انرجی پراجیکٹس شروع کرے گی تاکہ صوبہ بھر کے غریب اورنادار افراد کو مطلوبہ بجلی کے برابرشمسی توانائی پیدا کر کے انہیں فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ روشن گھرانہ پروگرام کا آغاز رواں ماہ سے کیا جارہا ہے او رواں ماہ جولائی کے بل کی اگست میں مکمل ادائیگی حکومت پنجاب کرے گی۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے بتایا کہ ہمیں عوام کی مشکلات اوردکھوں کا بھرپور احساس ہے اور اس حوالے سے صوبہ بھر میں غریب خاندانوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کے لئے ”وزیراعلیٰ پنجاب روشن گھرانہ پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال کے پیش نظر ہمیں دل پر ہاتھ رکھ کربجلی اورپٹرول کے نرخ بڑھانا پڑے۔ہمیں عام آدمی کی مشکلات اورمسائل کا ادراک ہے اوراسی کے پیش نظر ملکی معیشت کو سنبھالنے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے تمام تر کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ جب سے وزیر اعلی کا منصب سنبھالا ہے، اس دن صوبے کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے کوشاں ہوں۔ میں نے صوبے کے عوام کے لئے سستے آٹے کی فراہمی کے لئے 200 ارب روپے کی سبسڈی دی تو مجھے کہا گیا کابینہ کے بغیر یہ کام نہ کریں،کل کو نیب پوچھے گا، میں نے کہا کہ اللہ تعالٰی کی مخلوق ترسی ہوئی ہے، اللہ تعالٰی نے مجھے توفیق دی اور الحمد اللہ آج پورے پنجاب میں 10 کلو آٹا تھیلا 160روپے سستا مل رہا ہے۔پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں مفت ادویات مل رہی ہیں۔کینسر کی مفت ادویات بھی مریضوں کو ملنا شروع ہو گئی ہیں۔ہم نے مختصر عرصے میں بہترین لوکل باڈیز قانون کو اسمبلی سے منظور کرایا ہے اور آج صوبے کے عوام کو تیسرا سب سے بڑا ریلیف دینے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ بجلی مہنگی ہے۔ عام آدمی کے لئے بجلی کے بل دینا مشکل ہے۔پاکستان کی تاریخ آج تک عام آدمی کو ایسا ریلیف نہیں دیا گیا۔اللہ تعالٰی توفیق عطا فرمائے تو انشائاللہ عوام کو مزید ریلیف دیں گے۔.وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر پینل دینے کا پروگرام بنا رہے ہیں تاکہ ان خاندانوں کو بجلی کے بلوں سے مستقل نجات مل سکے۔ہم نے عوام کے لئے سستا آٹا، مفت ادویات اور مفت بجلی کے اقدامات سیاست کے لئے نہیں اٹھائے بلکہ اس کا مقصد عوام کی تکالیف کا احساس ہے اور عوام کی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجالا پروگرام کے تحت ایسے صارفین کو سولر پینل دینے سے بجلی کی بچت بھی ہو گی اور نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔