Advertisements

انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کا میدان سج گیا

CM PUnjab Maryam Nawaz
Advertisements

تحریر: ڈاکٹر ناصر حمید

—————-
پاکستان قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور ثقافتی تنوع سے مالا مال ملک ہے۔ ملک کے مختلف خطوں میں موجود تاریخی مقامات اور سیاحتی مراکز نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کی بھی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔ انہی دلکش خطوں میں سابقہ ریاستِ بہاول پور کا وسیع و عریض صحرا، روہی چولستان، بھی اپنی منفرد شناخت، تہذیبی روایات اور قدرتی کشش کے باعث سیاحوں کو دعوتِ نظارہ دے رہا ہے۔ یہ سرزمین سچے جذبوں، خلوص، محبت اور مہمان نواز لوگوں کی دھرتی ہے جہاں کی ثقافت، روایات اور طرزِ زندگی آج بھی اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ زندہ و تابندہ نظر آتی ہیں

Advertisements


چولستان کا خطہ تاریخی قلعوں اور شاندار آثارِ قدیمہ کا امین ہے، تاہم گزشتہ اکیس برس سے اس خطے میں ایک اور عظیم الشان تفریحی و ثقافتی روایت کا اضافہ ہوا ہے، جسے انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ موسمِ بہار کی آمد کے ساتھ ہی یہ ایونٹ میلوں، ثقافتی سرگرمیوں اور کھیلوں کے ذریعے خوشیوں کی بہار لے آتا ہے اور اب یہ ریلی بہاول پور کی پہچان بن چکی ہے۔
انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی محض ایک موٹر اسپورٹس ایونٹ نہیں بلکہ پاکستان کے مثبت اور پُرامن سافٹ امیج کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔ یہ ایونٹ خطے کی ثقافت، امن پسند معاشرے اور صلح جو عوام کا خوبصورت عکس عالمی سطح پر پیش کرتا ہے۔ ریلی کے کامیاب انعقاد میں ٹی ڈی سی پی، بہاول پور کی ضلعی انتظامیہ، پولیس، سیکیورٹی ادارے، فور بائی فور کلب اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
چولستان جیپ ریلی کا آغاز اکیس برس قبل نہایت محدود وسائل اور نامساعد حالات میں ہوا تھا، مگر وقت کے ساتھ یہ ایونٹ ترقی کرتے کرتے پاکستان کا سب سے بڑا ڈیزرٹ ریلی ایونٹ بن چکا ہے۔ آج نہ صرف ملک بھر سے بلکہ بیرونِ ممالک سے بھی ریلی کے شائقین اور ڈرائیورز اس میں شرکت کرتے ہیں۔ 2005ء میں اس ریلی کا تصور عالمی شہرت یافتہ ڈاکار ریلی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کیا گیا، جس کے تحت صحرائے چولستان کو موٹر اسپورٹس کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا

international-cholistan-desert-rally-festival


سال بہ سال اس ایونٹ میں مزید سرگرمیوں کا اضافہ کیا جاتا رہا، جن میں کشتی، کبڈی، میوزک شوز، فوڈ اسٹریٹ اور دیگر تفریحی پروگرام شامل ہیں۔ اس ریلی کے انعقاد سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئے، دستکاری کی صنعت کو فروغ ملا اور علاقے میں معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھلے۔ چاروں صوبوں کی بھرپور نمائندگی اس ایونٹ کو قومی اتحاد اور یکجہتی کی بہترین مثال بناتی ہے۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن، محترمہ مسرت جبیں، کی خصوصی دلچسپی اور نگرانی میں اس ایونٹ کو باقاعدہ فیسٹیول کا رنگ دیا گیا ہے۔ امسال اکیسویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر بہاول پور ڈویژن اور ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ نے شائقین کے لیے پورے ہفتے پر محیط ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔ ان سرگرمیوں میں مرد و خواتین کی علیحدہ جیپ ریسز، ڈرٹ بائیک ریس، ایرو شو، فوڈ اسٹریٹ، مقامی ہینڈی کرافٹس بازار، پیرا گلائیڈنگ، اونٹ کی سواری، میوزیکل نائٹس، چیمبرز آف کامرس کے نمائشی اسٹالز، گھڑ سواری، نیزہ بازی، کبڈی، میراتھن ریس، اونٹ ڈانس اور چولستانی مویشیوں کی نمائش شامل ہیں۔


چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد سے مقامی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچتا ہے۔ صحرا میں عارضی بازار قائم کیے جاتے ہیں جہاں مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ دستیاب ہوتی ہیں۔ انتظامیہ، پولیس اور سیکیورٹی ادارے بھرپور محنت اور ذمہ داری کے ساتھ اس ایونٹ کو محفوظ اور کامیاب بنانے میں مصروف عمل رہتے ہیں۔ کمشنر بہاول پور نے خطے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ کی طرح آنے والے مہمانوں اور سیاحوں کا خلوص اور فراخ دلی سے استقبال کریں

Director Information Bahawalpur Division Dr Nasir Hameed
ڈاکٹر ناصر حمید


انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی ایک عالمی اسپورٹس گالا کی حیثیت اختیار کر چکی ہے جو پاکستان کے وقار میں اضافہ اور اس کے سافٹ امیج کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ قومی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈرائیورز کی شرکت سے نہ صرف پاکستانی ثقافت کو فروغ ملتا ہے بلکہ عالمی سرمایہ کاروں اور سیاحوں کی توجہ بھی پاکستان کی جانب مبذول ہوتی ہے۔ہر سال لاکھوں شائقین چولستانی راتوں کی چاندنی، صحرائی خنکی اور رنگا رنگ ثقافتی پروگراموں سے لطف اندوز ہو کر خوشگوار یادیں سمیٹتے ہوئے واپس لوٹتے ہیں۔ بلاشبہ، یہ ایونٹ وطنِ عزیز کا نام روشن کرنے اور پاکستان کو عالمی سطح پر ایک پُرامن، ثقافتی اور اسپورٹس دوست ملک کے طور پر متعارف کرانے میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے