Advertisements

اسلامیہ یونیورسٹی میں اقتصادی و معاشرتی چیلنجز اور ان سے نکلنے کے موضوع پر گرینڈ سیمینار

Grand seminar in Islamia University Bahawalpur
Advertisements

 اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں اقتصادی و معاشرتی چیلنجز اور ان سے نکلنے کے موضوع پر گرینڈ سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کی۔ اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے دانشور، کالم نگار اور اینکر پرسن نے تفصیلی اظہار خیال کیا۔ بغداد الجدید کیمپس ایک مثالی اور شاندار کیمپس ہے۔ سیمینار کے منتظم ڈاکٹر سجاد حسین اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ میڈیا اسٹڈیز تھے۔ سینئر کالمسٹ اور اینکر پرسن اوریا مقبول جان نے کہا کہ ہمیں قرضوں کی دلدل سے نکل کر خود انحصاری کی عادت ڈالنی چاہیے۔ جب تک ہم کشکول نہیں توڑیں گے اس وقت تک صحیح آزادی حاصل کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے وسائل ایشیا ء اور افریقہ کے پاس ہیں لیکن ان پر حکمرانی اور اختیار مغربی ملکوں کا ہے جو غریب ملکوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ معروف شاعر عباس تابش نے خوبصورت اشعار سے حاضرین کو محظوظ کیا اور کہا کہ وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی سربراہی میں یونیورسٹی کی شاندار کامیابیاں متاثر کن ہیں۔ گل نو خیز اختر نے دلچسپ واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خود کو بدلنا ہو گا جب تک ہم خود کو نہیں بدلیں گے کامیابی کا حصول نا ممکن ہے۔ سینئر کالمسٹ اور اینکر پرسن نعیم مسعود نے کہا کہ ملک کی ترقی کا اصل راز جامعات میں اعلیٰ درجے کی تحقیق پر منحصر ہے اس کے بغیر ہم قومی ترقی حاصل نہیں کر سکتے۔ اینکر پرسن رضوان رضی نے کہا کہ 30سال قبل بہاول پور آنا ہوا تھا آج بہاول پور شہر اور اس کی یونیورسٹی کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ سینئر کالم نگار یاسر پیر زادہ نے کہا کہ دوسروں کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنی ذات کا محاسبہ ضروری ہے جب تک ہم خود احتسابی نہیں کریں گے اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ دانشور اور ڈائریکٹر انفارمیشن ملتان سجاد جہانیاں نے کہا کہ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کی قیادت میں یونیورسٹی نے ہر شعبے میں غیر معمولی ترقی کی ہے اس کی ایک جھلک ا س تقریب سے پہلے طالبات میں سکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب میں شریک ہو کر دیکھی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس علاقے کے محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے بچے اور بچیوں کے لیے غیر معمولی طور پر وظائف کا انتظام کر رہی ہے جو بہت خوش آئند بات ہے۔ سینئر کالم نگار نسیم شاہد نے کہا کہ بہاول پور شہر کی رونق اور ترقی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی مرہون منت ہے۔ یونیورسٹی کی غیر معمولی ترقی سے بہاول پور شہر بھی بہت ترقی کر گیا ہے۔ اس کا اصل کریڈٹ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح یونیورسٹی معاشی اور سماجی چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے آگے بڑھی ہے وطن عزیز بھی اس انداز سے آگے بڑھ سکتا ہے۔ سینئر جرنلسٹ فرخ شہباز وڑائچ نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں اعلیٰ معیار تعلیم اور خصوصا میڈیا سٹڈیز شعبہ کے کردار کو بہت سراہا۔ اس موقع پر تقریب کے منتظمین میں توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں۔