چنی گوٹھ میں جشن عید میلادالنبی ﷺ کا شاندار جلوس، عاشقانِ رسول ﷺ کی بھرپور شرکت
چنی گوٹھ (نامہ نگار) جشن عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلہ میں چنی گوٹھ میں ایک عظیم الشان جلوس درس عید گاہ چنی گوٹھ اسٹیشن سے مفتی عبد الخالق عظمتی، مفتی آفتاب خالق اور سابق چیئرمین یونین کونسل چنی گوٹھ مہر محمد صدیق کی قیادت میں برآمد ہوا۔ جلوس میں موٹر سائیکلوں، کاروں، ٹریکٹر ٹرالیوں اور پیدل افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جلوس میلاد چوک سے ہوتا ہوا بائی پاس، تھانہ روڈ سے ابوبکر صدیق چوک پہنچا، جہاں سے ڈاک خانہ روڈ کے راستے چنی گوٹھ چکر پہنچا۔ بعد ازاں جلوس چنی گوٹھ اسٹیشن روڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ درس عید گاہ پہنچا، جہاں دعائیہ کلمات کے ساتھ جلوس اختتام پذیر ہوا۔اس موقع پر شرکائے جلوس سے مفتی عبد الخالق عظمتی، مفتی آفتاب خالق اور صوفی نذیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔جلوس کے دوران عاشقانِ رسول ﷺ نے درود و سلام اور نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کیں۔ شرکائے جلوس میں مذہبی عقیدت و محبت کا بھرپور اظہار دیکھنے میں آیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض اجمل باجوہ نے انجام دیے۔

