اسلام آباد: حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لئے۔ ذرائع کے مطابق ترقیاتی فنڈز اور پنجاب میں انتظامی عہدوں پر بھی پیپلزپارٹی کوترجیح دی جائے گی، دونوں جماعتوں میں تعاون یکطرفہ نہیں دوطرفہ ہوگا، مسلم لیگ ن پنجاب میں جو پاور شیئرنگ کرے گی وہ سندھ میں بھی لے گی، پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کو سندھ کے تمام اضلاع میں شریک اقتدار کرے گی۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا، پیپلزپارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، علی حیدر گیلانی، ندیم افضل چن اور حسن مرتضیٰ مذاکراتی کمیٹی میں شامل تھے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نمائندگی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، رانا ثنااللہ اور خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنماؤں نے کی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مذاکرات کا تیسرا دور وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جبکہ پیپلزپارٹی کی مذاکراتی ٹیم پیر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کرے گی۔