گورنر پنجاب کی وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے نواب سر صادق محمد خان عباسی کی خدمات کے اعتراف میں شاہی قبرستان حاضری

نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم رعایا پرور، انسان دوست، علم دوست شخصیت کے حامل اور محسن پاکستان تھے محمد بلیغ الرحمن
آج کے دن نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کوخصوصی طور پر یاد کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو سرکاری سطح پر خراج عقیدت پیش کرنا ہے محمد بلیغ الرحمن کا نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی برسی کے موقع پر چولستان میں شاہی قبرستان کے مقام پر منعقدہ تقریب سے اظہار خیال
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نواب سر صادق محمد خاں عباسی پنجم کے مقبرے پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کے مقبرے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا
بہاول پور:24/مئی گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم رعایا پرور، انسان دوست، علم دوست شخصیت کے حامل اور محسن پاکستان تھے اور عظیم قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی برسی کے موقع پر چولستان میں شاہی قبرستان کے مقام پر منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم نے نہ صرف تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں بلکہ زراعت، لائیو سٹاک، صحت، تعلیم، تفریح سمیت معاشی خوشحالی پربھی کام کیا۔ انہوں نے نہ صرف بہاول پور بلکہ ملک بھر میں کئی تعلیمی اور رفاعی ادارے قائم کیے جن میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور،بہاول وکٹوریہ ہسپتال، صادق پبلک سکول، صادق ڈین ہائی سکول اور ان جیسے دیگر ادارے قابل ذکر ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم ایک دوررس بصیرت رکھنے والے حکمران تھے جنہوں نے پاکستان کے لیے نہ صرف اپنی ریاست وقف کی بلکہ قیام پاکستان کے بعد اسے چلانے میں قائداعظم کا ساتھ بھی دیا۔دریں اثناء گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نواب سر صادق محمد خاں عباسی پنجم کے مقبرے پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کے مقبرے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم نے بہاول پور میں فلاحی ریاست کی بہترین مثال قائم کی۔انہوں نے مزید کہا کہ عدل و انصاف اور تعلیم و صحت کے نظام میں ریاست بہاول پور کے لوگوں نے نرم دلی اور مٹھاس پیدا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کوخصوصی طور پر یاد کرنے کا مقصد ان کی خدمات کو سرکاری سطح پر خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت گورنر ریاست کا نمائندہ اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی خدمات کے اعتراف میں آج یہاں حاضری دی ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ پاکستان کو مضبوط رکھنے، اس کی سلامتی قائم رکھنے اور اسے ایٹمی طاقت بنانے کے لئے میاں نواز شریف کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنے خون کے نذرانے دے کر ملک کو محفوظ اور متحد رکھا ہوا ہے۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے نواب سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی برسی کے موقع پر شاندار تقریب کے انعقاد پر کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے اچھی روایات کو فروغ دینے اور آگے بڑھانے پر بہاول پور ڈویژن کے عباسی خاندان کا بھی شکریہ ادا کیا۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ 9مئی کا دن ایک بدنما داغ اور افسوسناک دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر شہدا کا احترام ہم سب پر لازم و ملزوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9مئی کو شہداء کے تقدس کو پامال کیا گیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن اپنا جہاز خراب ہو جانے کے باوجود اسلام آباد سے وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے طیارہ پر تقریب میں شرکت کے لئے بہاول پورپہنچے۔اس موقع پر مسلم لیگی رہنما و سابق سینیٹر چوہدری سعود مجید،ایم این اے احسان الحق باجوہ،سابق ایم پی اے قاضی عدنان فرید، صاحبزادہ عاصم جاوید عباسی، ڈاکٹر رانا محمد طارق، میاں شاہد اقبال، سعد مسعود، خالد محمود ججہ، کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈپٹی کمشن رحیم یار خاں شکیل احمد بھٹی، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون، آر پی او بہاول پور رائے بابر سعید، سیاسی و سماجی رہنما اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔
