Contact Us

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں فیکلٹی آف کمپیوٹنگ کی نئی عمارت اور فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا

Governor Punjab Visit IUB

بہاول پور اور چولستان کی سرزمین خواجہ غلام فرید کی انسان دوستی اور محبت سے معمور ہے۔ بہاول پور، علم اور تہذیب کا مرکز رہا گورنر پنجاب – یونیورسٹی میں حکومتی گرانٹ، پبلک پرائیوٹ پارٹرنرشپ اور اپنے ذرائع سے 12ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر کر رہی ہے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب

گورنر پنجاب وچانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت وطن عزیز کو علم وآگاہی پر مبنی معاشرے میں تبدیل کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔ جامعات اعلیٰ تعلیم کے مراکز ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہمارے طلباء وطالبات کو عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تیار کریں۔ گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں اساتذہ اور طلباء وطالبات کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں فیکلٹی آف کمپیوٹنگ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ گورنر پنجا ب نے موسم برسات کی شجر کاری مہم کے ساتھ ساتھ کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائین میں فن پاروں کی نما ئش کا بھی افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کو فروغ دینے والے منصوبوں میں وظائف، فیس معافی سکیم اور لیپ ٹاپ فراہمی کا پروگرام شامل ہے کو فوری طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ لیپ ٹاپ فراہمی کی سکیم در حقیقت ملک میں تحقیق اور معیاری تعلیم کے دائرہ کار کو بڑھانے اورانفارمیشن ٹیکنالوجی تک رسائی کی ایک شاندار کوشش ہے۔ انہوں نے طلباء وطلبات سے کہا کہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو انفرادی، علاقائی اور قومی مسائل کے جوابات تلاش کرنے میں تبدیل کریں۔ جس طرح قوم اُن کی تعلیم کے لئے قربانیاں دے رہی ہے وہ بھی اجتماعی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔ اساتذہ کرام جدید ترین نصاب اور ٹیکنالوجی سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے لئے اپنا کردار اد ا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور اور چولستان کی سرزمین خواجہ غلام فرید کی انسان دوستی اور محبت سے معمور ہے۔ بہاول پور، علم اور تہذیب کا مرکز رہا ہے یہاں کے تعلیمی اداروں نے قومی اور بین الاقوامی شناخت قائم کی ہے۔ گورنر نے یونیورسٹی کی حالیہ کامیابیاں، ہزاروں کی تعداد میں داخلوں کی فراہمی،نئی فیکلٹیوں اور تدریسی شعبہ جات کی تعداد میں غیر معمولی اضافے، مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ پروگراموں کے آغاز، عالمی درجہ بندی میں نمایاں پیش رفت، ترقیاتی سرگرمیوں، نئے کیمپس خصوصاً حاصل پور کیمپس کے قیام اور زرعی تحقیق کے فروغ پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں گورنر کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یونیورسٹی کی تمام کامیابیاں اساتذہ اور ملازمین کی محنت اور حکومت کی مدد سے ممکن ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ صحرائے چولستان کے 60لاکھ ایکڑ رقبے کو قابل کاشت بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بارشوں میں اضافے کے نظام کو بروئے کار لانے کے لئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی مکمل تائید و حمایت بہت حوصلہ افزاء ہے۔اس وقت یونیورسٹی میں حکومتی گرانٹ، پبلک پرائیوٹ پارٹرنرشپ اور اپنے ذرائع سے 12ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔  قبل ازیں فیکلٹی آف کمپیوٹنگ کے افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 374.6ملین روپے کی لاگت کا یہ منصوبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریگا۔ اس منصوبے کے تحت 38نئے کلاس رومز اور 40 لیبارٹریزاور دفاتر قائم ہوں گے۔ گورنر پنجاب نے اپنے دورے کے دوران کالج آف نرسنگ، فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنس، ایمفی تھیٹر اور یونیورسٹی سولر پارک کا بھی دورہ کیا۔ گورنر نے مرکزی آڈیٹوریم میں طلباء وطالبات کی سوسائٹیز کی تقریب حلف بردار ی میں بھی شر کت کی اور بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والے 9طلباء وطالبات میں رول آف آنر تقسیم کئے۔

Governor Punjab Visit IUB 2

مزید پڑھیں