بہاول پور کے علم دوست حکمرانوں کی مستقبل بینی اور دور اندیشی سے جامعہ اسلامیہ قائم ہوئی گورنر پنجاب

نواب آف بہاولپور کا پاکستان میں ریاست کو شامل کرنا ہم سب پر احسان ہے۔ 1975 میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جامعہ اسلامیہ کو مکمل چارٹرڈ یونیورسٹی کا درجہ دیا جو میرے شہید قائد کی سوہنی دھرتی سے محبت اور علم دوستی کا شاہکار ہے
گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے اسلامیہ یونیورسٹی کی سو سالہ تقریبات کا افتتاح کر دیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی میں معرکہ حق جشن آزادی اور 100 سال مکمل ہونے پر تقریبات کا اہتمام کیاگیا ہے
گورنر پنجاب نے اپنی آمد کے موقع پر معرکہ حق اور جشن آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی ۔ انہوں نے سر صادق محمد خان عباسی صد سالہ گیٹ ، فیکلٹی ہاسٹل اور شاپنگ مارکیٹ کا بھی افتتاح کیا
بہاول پور (پ ر)گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی سو سالہ تقریبات کا افتتاح کر دیا۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں معرکہ حق جشن آزادی اور 100 سال مکمل ہونے پر تقریبات کا اہتمام کیاگیا ہے۔ گورنر پنجاب نے عباسیہ کیمپس اپنی آمد کےفوراًبعد غلام محمد گھوٹوی ہال میں خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ غلام محمد گھوٹوی ہال کی تاریخی عمارت ترویج علم، محنت و لگن ، ویژن اور قوم کی تعمیر کی ایک صدی منانے کا موقع ہے ۔بہاول پور کے علم دوست حکمرانوں کی مستقبل بینی اور دور اندیشی سے جامعہ اسلامیہ قائم ہوئی۔ نواب آف بہاولپور کا پاکستان میں ریاست کو شامل کرنا ہم سب پر احسان ہے۔ 1975 میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جامعہ اسلامیہ کو مکمل چارٹرڈ یونیورسٹی کا درجہ دیا جو میرے شہید قائد کی سوہنی دھرتی سے محبت اور علم دوستی کا شاہکار ہے ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اللہ کا انعام ہے اور اسکی منزل اور مقام بہت اونچا ہے حال ہی میں انڈیا نے گھمنڈ کا مظاہرہ کیا ساری قوم نے متحد ہو کر پانچ گنا بڑے اور طاقتور ملک کو شکست فاش دی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ دور تشکیل علم ، سائنس وٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کا دور ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو ماحولیاتی تبدیلی ، تیز ی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور فوڈ سیکورٹی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جسے پڑھی لکھی نسل نے حل کرنا ہے۔ سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ہمیں اپنے عظیم فکری اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کرنی ہے۔ خواجہ غلام فرید کی اخوت اور محبت کی تعلیمات ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ گورنر پنجاب نے پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی قیادت میں یونیورسٹی کی بہتری اور ترقی کے لیے کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر محنتی ہیں اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے بہترین وژن رکھتے ہیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ صد سالہ تقریبات کے آغاز پر چانسلر و گورنر پنجاب سر دار سلیم حیدر خان کی موجودگی اساتذہ ، طلباو طالبات ، ملازمین اور ایلومنائی کے لیے باعث اعزاز ہے۔ 100 سال پہلے 1925 میں جامعہ عباسیہ کا قیام ہوا۔ 1963 میں اسے جامعہ اسلامیہ کا درجہ ملا اور پھر 4 مارچ 1975 کو یہ جامعہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کہلائی۔ آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور وسیع و عریض رقبے پر پھیلی ہوئی یونیورسٹی جنوبی پنجاب اور وطن عزیز کی سماجی ، معاشی اور تعلیمی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے طلباءوطالبات ہر میدان میں نمایاں کام سرانجام دے رہے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ٹائمز ہائر ایجوکیشن اور کیو ایس رینکنگ میں دنیا کی 1000 اولین جامعات میں شامل ہے۔ یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ تدریس وتحقیق اعلیٰ معیار اور قومی ترقی سے ہم آہنگ ہو۔ اس سلسلے میں حکومتی اداروں کا تعاون خوش آئند ہے۔گورنر پنجاب نے تقریب میں ملی نغمہ پیش کرنے والے طلباء وطالبات کو نقد انعام سے نوازا۔
گورنر پنجاب نے اپنی آمد کے موقع پر معرکہ حق اور جشن آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی ۔ انہوں نے سر صادق محمد خان عباسی صد سالہ گیٹ ، فیکلٹی ہاسٹل اور شاپنگ مارکیٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شجرکاری کے سلسلے میں عباسیہ کیمپس کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر، پروفیسر ڈاکٹر مظہر ایاز وائس چانسلر چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز بہاولپور، سابق وائس چانسلر راو محمد افضل خان، ڈائریکٹر انفارمیشن بہاولپور طارق اسماعیل، صاحبزادہ عاصم جاوید عباسی، ڈینز ، اساتذۂ، سرکاری افسران، صنعتکاروں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں و طلباءوطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔