بہاول پور:3/جولائی گور نر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ بہاول پور کی تعمیر و ترقی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار گور نر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے معروف پارلیمنٹیرئین و چیئرمین مجلس شہریان سید تابش الوری کی قیادت میں آنے والے مقامی سول سوسائٹی کے نمائندہ وفد سے سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں ملاقات کے موقع پر کیا۔سید تابش الوری نے گورنر پنجاب سے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 1974ء میں بہاول پور شہر کا ماسٹر پلان بنوایا تھا جس پر شہر وسعت پذیر ہوتا رہا لیکن موجودہ وقت کی ضرورت ہے کہ بہاول پور کا نیا بیس سالہ ماسٹر پلان ترتیب دیا جائے۔گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وفد سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بطور گورنرپنجاب مسلسل ہنگامی صورتحال سے دوچار ہیں اور مخالف سیاسی جماعت نے بہاول پور کی تعمیر و ترقی کی راہ میں رکاوٹوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں مگر پھر بھی وہ کئی ترقیاتی کام کرانے میں کامیاب رہے۔ گورنر پنجاب نے بتایا کہ بہاول پور رنگ روڈ، بند رہ پلی تا ریلوے اسٹیشن کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پرائیویٹ سکولوں میں قرآن پاک کی تعلیم کا مرحلہ بھی قریب ہے۔نیزصادق پبلک سکول کی مرکزی سالانہ گرانٹ بھی دو کروڑروپے سے بڑھا کر چھ کروڑ روپے کردی گئی ہے۔گورنر پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہاول پور کو موٹر وے سے ملانے والی جھا نگڑہ روڈ جسے دو لین تک محدود کردیا گیاتھا اس کو اس کی اصل شکل میں بحال کیا جائے گا۔وفد میں صدر بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ذوالفقار علی مان،انجمن تاجران وفد کے صدر علیم، صدر بہاول پور پریس کلب اکمل چوہان،سیکرٹری جم خانہ اعجاز ناظم، سیکرٹری نظریہ پاکستان فورم نصیر احمدناصراور سیکرٹری مجلس ثقافت پاکستان سعید احمد شامل تھے۔وفد کے مطالبے پر گورنر پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو درپیش مسائل حل کر نے کا وعدہ کیا۔انہوں نے بہاول پور پریس کلب آنے کی دعوت بھی قبول کی اوربہاول پور انڈسٹریل اسٹیٹ میں آئی ٹی سنٹر کھولنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ دریں اثناء گورنر پنجاب نے سید تابش الوری کی سیاسی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے بہاول پور کے حقوق کے لئے ہمیشہ بھرپور اور توانا آواز بلند کی۔