Contact Us

گورنر پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی اور اینکر جاوید چوہدری کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگریاں عطا کیں

Governor Punjab conferrs honorary PhD degree to famous Seraiki poet Shakar Shuja abadi

بہاول پور:11/نومبر : گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ جامعات معاشرے کا روشن چہرہ ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ جامعات روایتی تدریس کے ساتھ ساتھ ادبی اور سماجی خدمات بھی سرانجام دیتی ہیں اور ان سے وابستہ شخصیات کی سرپرستی کرتی ہیں۔ یہ عمل انتہائی خوش آئند ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ملک کی دو نامور شخصیات کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری عطا کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے ان خیالات کا اظہار آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے خصوصی کانووکیشن 2023 میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد شفیع شاکر شجاع آبادی بلاشبہ سرائیکی زبان و ادب کا مضبوط حوالہ اور جنوبی پنجاب کا قابل فخر اثاثہ ہیں۔ سرائیکی زبان و ادب کے لیے ان کی خدمات یاد رکھے جانے کے قابل ہیں۔ جاوید چودھری پاکستانی صحافت کی مثبت شخصیت ہیں اور ان کی صحافتی خدمات لائق تحسین ہیں۔ میں آج کی اس تقریب کے دن دونوں ڈگری یافتگان کو مبارک پیش کرتا ہوں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بہاول پور سرسبزباغات، کتب خانوں اور عظیم تعلیمی اداروں کا مرکز اور قومی ترقی میں اہم کردار کا حامل ہے۔ یہاں کے تعلیمی اداروں نے بہترین ماہر تعلیم، ادیب و شاعر، کھلاڑی اور سائنس دان پیدا کیے ہیں جنہوں نے قومی و عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ان اداروں میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور سب سے آگے ہے اور فروغ تعلیم میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا کردار بلتستان تا سندھ و بلوچستان انتہائی قابل ستائش رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے تعلیمی ادارے اخلاقی طور پر اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ایسے تعلیم یافتہ نوجوان پیدا کریں جو نہ صرف تکنیکی صلاحیتوں سے مالا مال ہوں بلکہ ان کا شخصی معیار بھی بلند ہو۔بہاول پور اور چولستان خواجہ فرید کی انسان دوست سرزمین ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ موجودہ وائس چانسلر کی قیادت میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اس عظیم شاعر کی امن و آشتی پر مبنی تعلیمات کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، اساتذہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہتا ہوں جن کی تگ و دو سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ایک بڑا علمی مرکز بنتی جا رہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ذہین ترین اور لائق گریجویٹس اور محققین پیدا کر تی رہے گی۔ اس موقع پر اپنے خطبہ استقبالیہ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاو ل پور 100سالہ قدیم تاریخی شناخت کی جامعہ ہے۔ آج کا دن پوری جامعہ کے لیے باعث فخر ہے کہ خطے کے نامور شاعر محمد شفیع شاکر شجاع آبادی اور یونیورسٹی ایلومینائی اور میڈیا کے چمکتا نام جاوید چودھری کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری عطا کی جا رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے زندگی کے ہر شعبے میں نادر روزگار شخصیات پیدا کیں ہیں جنہوں نے اس یونیورسٹی کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ شاکر شجا ع آبادی نے سرائیکی ادب اور کلچر میں اپنی شاعری سے گہرے نقوش ثبت کیے۔ ان کی شاعری نوجوانوں میں امید اور جدوجہد کا جذبہ بیدار کرتی ہے۔ آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور دھرتی کے اس عظیم فرزند کو اعزازی ڈگری عطا کر کے خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ جناب جاوید چودھری ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں۔ ان کا کالم زیرو پوائنٹ پوری دنیا میں مقبول ہے جبکہ حالات حاضرہ کا پروگرام کل تک شام کے ٹی وی پروگراموں میں کامیاب ترین ٹاک شو ہے۔ جاوید چودھری ہمارے ماضی، حال اور مستقبل کا خوبصورت چہرہ ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورآج اپنے اس ہونہار سپوت کو اعزازی ڈگری سے نواز رہی ہے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی میں جاری تدریسی، تحقیقی اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے7 کیمپسز اور 15فیکلٹیوں میں 65 ہزار طلباء وطالبات حصول تعلیم میں مصروف ہیں اور 2000سے زائد اساتذہ تعلیمی خدمات دے رہے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے خصوصا کپاس کے بیجوں کے ذریعے جو 45فیصد سے زائد رقبے پر کاشت کیے جا رہے ہیں، ملکی زرعی معیشت میں فعال انداز میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پہلی یونیورسٹی ہے جس نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام اور انڈرگریجویٹ پالیسی 2023 کو اپنے ہاں نافذ کیا۔ گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے اپنے دورِ وزارت میں بطور وفاقی وزیر تعلیم اس یونیورسٹی میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے جن میں بہاولنگر، رحیم یار خان کیمپسز اور فیکلٹی آف ایڈمنسٹریشن کے منصوبے شامل ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو بطور چانسلر و گورنر پنجاب بھی ان کی بھرپورتائید و حمایت اور سرپرستی حاصل ہے اس کے لیے اساتذہ اور طلباء وطالبات ان کے شکرگزار ہیں۔اس موقع پرمحمد شفیع شاکر شجاع آبادی اور جاوید چودھری کو گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر کے ہمراہ اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری عطا کی۔ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز اور فوکل پرسن خصوصی کانووکیشن، پروفیسر ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لینگوئجز، پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ، پروفیسر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن ڈین فیکلٹی آف عرابیک اینڈ اسلامک سٹڈیز، پروفیسر ڈاکٹر راؤ عمران حبیب ڈین فیکلٹی آف لاء، پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد بزدار ڈین فیکلٹی آف فزیکل اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ، پروفیسر ڈاکٹر محمد خالد منصور ڈین فیکلٹی ویٹرنری اینڈ انیمل سائنسز،پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین ترابی ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹ، پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد ڈین فیکلٹی آف میڈیسن اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر علی ڈین فیکلٹی آف آن لائن اینڈ ڈسٹنس ایجوکیشن، ڈاکٹر اریبہ خان قائم مقام ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر معظم جمیل رجسٹرار، پروفیسر ڈاکٹر سجاد حسین پراچہ کنٹرولر امتحانات، عبدالستار ظہوری خزانہ دار، افسران، معززین شہر، سول سوسائٹی نمائندگان، میڈیا پرسن اور طلباء وطالبات شریک تھے۔

مزید پڑھیں