انجینئر محمد بلیغ الرحمن گورنر پنجاب وچانسلر نے کہا ہے کہ علم پر مبنی معیشت کو فروغ دینے کے لئے جامعات کلیدی کردار کی حامل ہیں۔ انسانی وسائل کی ترقی اور اعلیٰ درجے کی تحقیق قومی ترقی کے لئے ناگزیر ہے ۔ گورنر پنجاب نے ان خیالات کااظہار اسلامیہ بہاول پور کے 19ویں کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر 1024گریجویٹس کو ڈگریاں عطا کی گئیں جن میں 28پی ایچ ڈی، 66ایم فل ،79گولڈ میڈل اور68سلور میڈل شامل تھے۔ گورنر پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے دورے کے دوران بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 48طلباءوطالبات کو بلوچستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ کے تحت 1کروڑ13لاکھ روپے سے زائد کے سکالرشپ تقسیم کیے۔ گورنر نے یونیورسٹی میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مرکز (سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز سینٹر ) کا افتتاح اور کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے سالانہ ڈگری شو کا بھی افتتاح کیا۔ گورنر پنجاب نے کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تعلیمی اِدارے ایسے گریجویٹس پیدا کریں جو اعلیٰ علمی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ بہترین شخصی معیار کے حامل ہوں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورنے گزشتہ چند برسوں میں ہرشعبے میں غیرمعمولی ترقی کامظاہرہ کیا۔ انٹریونیورسٹی کنسورشیم کاقیام،مکئی اورسویا بین کی مخلوط کاشت کاطریقہ کار ، نیشنل کاٹن بریڈنگ انسٹی ٹیوٹ کا قیام،چولستان میں بارش میں اضافےکےذریعےآبادکاری کےمنصوے پر عالمی تعاون سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز، جامعات میں اپنی نوعیت کے پہلےنرسنگ کالج کا قیام جیسے اقدامات انتہائی خوش آئند ہیں۔ گورنر پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورمیں ادبی اور ثقافتی میلے کے انعقاد اور سیاحت کو فروغ دینے کے لئے بہاول پور ٹریڈ فیئر کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر فار پرفارمنگ آرٹ اور ڈیجیٹل میڈیا پروڈکشن کا قیام لائق تحسین ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی رینکنگ میں دنیا کی صفِ اول کی 800جامعات میں شامل ہو چکی ہے ۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورپہلی 100عالمی جامعات میں شمولیت کے لئے تدریسی ،انتظامی اور مالی اصلاحات پر عمل پیرا ہے ۔ ان اصلاحات کے تحت فیکلٹیز کی تعداد 7 سے بڑھا کر 15 اور شعبہ جات کی تعداد 48 سے بڑھا کر 142 کر دی گئی ہے۔ سات کیمپسز میں 65 ہزار سے زائد طلباء وطالبات کے لئے قریبا ً 2000 کل وقتی اور جز وقتی اساتذہ تعلیمی خدمات دے رہے ہیں۔ طلباء کی اخلاقی اور سماجی تربیت کے لئے یونیورسٹی فیکلٹی اورشعبہ جات کی سطح پر 100سے زائد طلباء سوسائٹیز قائم کی گئیں ہیں۔ خواجہ فرید چیئر اورسر صادق محمد خان عباسی پنجم چیئر کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ اِدارہ برائے سرائیکی زبان وادب بھی قائم کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی ٹرانسپورٹ میں 40 سے زائد بسوں کے اضافے کے ساتھ ساتھ اس سہولت کا دائرہ کار نواحی قصبہ جات تک پھیلا دیا گیا ہے۔ تدریسی وغیرتدریسی شعبوں میں قابل اور محنتی افرادی قوت کے اضافے کے لئے 28سلیکشن بورڈز اور 63سلیکشن کمیٹیاں منعقد کی گئیں جس کے نتیجے میں 3500افراد کا تقرر کیا گیا۔ یونیورسٹی کا ترقیاتی بجٹ 3بلین سے بڑھ کر 12بلین ہو گیا اور غیر ترقیاتی بجٹ 3بلین سے بڑھ کر 8بلین ہو گیا۔ انہوں نے کانووکیشن میں آمد پر گورنر پنجاب اور معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن نے عباسیہ کیمپس میں مرحوم صحافی اسلام ضمیر کے تعزیتی ریفرنس میں شرکت کی اور ان کی صحافتی خدمات کو سراہا۔