انجینئر محمد بلیغ الرحمن کا اسلامیہ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے دوسرے فیض ادبی میلے کی افتتاحی تقریب میں خطاب
فیض احمد فیض اردوزبان و ادب کا مدبر حوالہ ہونے کے سبب عہد ساز شخصیت تھے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب
گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فیض احمد فیض اردو زبان و ادب کی قدآور شخصیت ہیں۔ فیض احمد فیض اپنے عہد کا اہم ترین ثقافتی اور ادبی حوالہ ہی نہیں بلکہ محنت کش عوام کے سب سے موثر ترجمان بھی ہیں۔ گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورمیں منعقد ہونے والے دوسرے فیض ادبی میلے کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ فیض ایک نظریاتی اور انقلاب پسند شاعر تھے اور اپنے وطن سے والہانہ محبت کا جذبہ رکھتے تھے۔ فیض احمد فیض امید پسند ہیں جو خزاں کے موسم میں بھی بہار آنے کا پیغام دیتے ہیں۔ انہوں نے شعبہ اردو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے دوسرے فیض ادبی میلے کوسراہا اور کہا کہ یونیورسٹی میں اعلیٰ درجے کی تقریب کا منعقد کرنے کا سہرا وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کو جاتاہے جنہوں نے عالمی اور قومی کانفرنسز، ادبی فیسٹیول کو منعقد کرکے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو مرکز نگاہ بنا دیا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہرمحبو ب نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیض احمد فیض اردوزبان و ادب کا مدبر حوالہ ہونے کے سبب عہد ساز شخصیت تھے۔ شعبہ اردو بہاول پور کی علمی، ادبی، تہذیبی اور فقری روایات کو فیض میلے کے ذریعے بہت خوبصورت انداز میں پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے فیض میلے میں گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر محمد بلیغ الرحمن کی خصوصی آمد کو سراہا۔ اس موقع پر چیئرمین شعبہ اردوپروفیسر ڈاکٹر عامر سہیل نے اظہار تشکر پیش کیااور کہا کہ فیض میلہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی منعقد کیا گیا ہے اور اس سال پاکستان بھر سے نامور شخصیات شریک ہیں جن میں ڈاکٹر ناصر عباس نیئر، ڈاکٹر شاہد اقبال کامران، فرخ سہیل گوئندی، سید تابش الوری، ڈاکٹر نجیب جمال، رانا محبوب اختر، ڈاکٹر روش ندیم، ڈاکٹر صلاح الدین درویش، ناصر بشیر اور دیگر اہل علم و دانش موجو دہیں۔ اس میلے میں کتابوں اور دستکاریوں کی نمائش اور فوڈ سٹالز کا بھی اہتمام کیا گیا۔تقریب میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ لنگوئجز پروفیسر ڈاکٹر جاویدحسان چانڈیو نے فیض ادبی میلے کے انعقاد پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پر و وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، ڈینر،بہاول پور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے، سول سوسائٹی، میڈیا اور مندوبین بھی شریک تھے۔