چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات
چئیرمین سینیٹ نے گورنر کے پی کے کے اعزاز میں عصرانہ دیا ۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ معاشی و سیاسی صورت حال پر گفتگو کی
ملتان۔ 13 مئی (اے پی پی):سابق وزیر اعظم اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ چئیرمین سینیٹ نے قبل ازیں گورنر کے پی کے کے اعزاز میں عصرانہ دیا ۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ معاشی و سیاسی صورت حال پر سیر حاصل گفتگو کی ۔ اس موقع پر دونوں قائدین نے ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میںسیاسی استحکام کی ضرو رت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک میں معاشی استحکام پیدا ہو گا ۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ چئیر مین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پارٹی امور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ نادار اور غریب خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہے ۔ اس کی سب سے بڑی مثال بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ہے ۔ اس پروگرام کا مقصد مستقل بنیادوں پر خواتین کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے ۔ہماری کوشش ہے کہ ان کے گھر کے دیگر بے روز گار افراد کے لیے بھی ملازمت کا بندوبست کیا جائے ۔ پیپلز پارٹی روزگار کی فراہمی کے لیے ہمیشہ کردار ادا کرتی ہے اور آئندہ بھی یہ کردار ادا کرتی رہے گی کیونکہ یہ ہمارے منشور کا حصہ بھی ہے ۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پارٹی کو مزید فعال اور مستحکم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی بات چیت کی ۔ عصرانے میںملتان کے سابق ضلع ناظم میاں فیصل مختار ، معروف صنعت کار اور ایوان تجارت و صنعت کے سابق صدر میاں تنویر اے شیخ ، معروف صنعتکاروں میاں ذوالفقار انجم ، میاں عامر نسیم ، ایم پی اے سید علی حیدر گیلانی ، سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم ، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب ڈاکٹر جاویدصدیقی ، مہر محمد اشرف سیال ڈائیریکٹر ایئر سیال ، سید ضیغم گیلانی ،مہر اسد سیال ، ڈاکٹرجاوید صدیقی ،نعیم احمد خان ، اور ملک ریاض حسین نے شرکت کی