حکومت کاشتکاروں کی مشکلات کے حل اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر عملی اقدامات کرے حسن عسکری شیخ
زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسانوں کی خوشحالی کے بغیر زرعی ترقی ممکن نہیں۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری کا پنجاب اسمبلی کے ایوان میں خطاب
چنی گوٹھ (نامہ نگار)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری پنجاب و ایم پی اے حسن عسکری شیخ نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھرپور آواز اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کسانوں کی خوشحالی کے بغیر زرعی ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسان آج کھاد، معیاری بیج، زرعی ادویات، آبپاشی کے پانی کی کمی اور فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے جیسے متعدد مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ کاشتکاروں کی مشکلات کے حل اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مؤثر عملی اقدامات کرے۔
حسن عسکری شیخ نے کہا کہ کسان اپنی شبانہ روز محنت سے ملک کی غذائی ضروریات پوری کر رہے ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے حلقے سمیت پورے پنجاب کے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اسمبلی کے فلور پر اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔

