Contact Us

حکومت کا سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا اعلان

pm shehbaz with allied party leaders

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حکومتی اتحادیوں کے سربراہی اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کیے جانے کی توثیق قومی اسمبلی سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس  ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق مشاورت کی گئی۔

سیاسی صورتحال اور آئینی بحران پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ قانونی ٹیم نے شرکا کو تین رکنی بینچ کے فیصلے پر بریفنگ دی اتحادی جماعتوں کی قیادت نے عدالتی فیصلے کو اقلیتی رائے قرار دیا اور رائے دی کہ  تین رکنی بینچ کے فیصلے کو متنازعہ سمجھتے ہیں۔

فورم نے قومی معاملے سے متعلق نامکمل فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا، اور قانونی ٹیم نے رائے دی کہ ادھورے فیصلے پر عملدرآمد ممکن نہیں ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمان کی بالادستی کیلیے ڈٹ جانے کی تجویزدے دی جبکہ نوازشریف اور مریم نواز نے بینچ میں شامل ججز کیخلاف ریفرنس دائرکرنے پر اصرار کیا، اس کے علاوہ حکومتی اتحادیوں کا مؤقف تھاکہ فل کورٹ نہ بنا کر انصاف کا قتل کیا گیا، پارلیمنٹ اپنی بالادستی تسلیم کروائے، اب بھی معذرت خواہانہ رویہ اختیارکیا تو بہت نقصان ہوگا۔

کابینہ کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کیے جانے کی توثیق قومی اسمبلی سےکرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ چیف جسٹس سمیت تین ججز کے خلاف جوڈیشل مس کنڈکٹ پر ریفرنس دائر کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

 وزیراعظم کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل پھر ہوگا، کل کے اجلاس میں قومی اسمبلی میں ممکنہ پیش کی جانے والی قرارداد پر مشاورت ہوگی۔

اجلاس میں اتحادی رہنماؤں نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سول بالادستی اور پارلیمان کے استحکام کے لیے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ کی بےتوقیری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید پڑھیں