بہاولپوربورڈ کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں تقریب
ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں شیلڈز، میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں
بہاول پور:ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولپور کے زیر اہتمام بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور کے کمیٹی روم میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں شیلڈز، میڈلز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔
تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولپور توکل حسین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری مختار احمد ملک، محکمہ تعلیم کے افسران، سکول سربراہان اور اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب میں سائنس اور آرٹس گروپس میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے مجموعی طور پر 5 ٹاپرز طلبہ و طالبات کو ان کے اساتذہ اور سکول سربراہان سمیت خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔اس موقع پر سرکاری سکولوں کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کی شاندار تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں تعریفی اسناد، شیلڈز اور میڈلز سے نوازا گیا۔ طلبہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے اساتذہ اور سکول سربراہان کو بھی خصوصی اعزازات پیش کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم اور باصلاحیت نوجوان نسل معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں ۔ سرکاری سکولوں کے طلبہ و طالبات کی شاندار کارکردگی بہاولپور کے تعلیمی میدان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے اساتذہ اور سکول سربراہان کی حوصلہ افزائی دراصل ان کی محنت اور خدمات کا اعتراف بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کی محنت، مستقل مزاجی اور اساتذہ کی مخلصانہ رہنمائی کا نتیجہ ہے۔ اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نوجوان نسل کی علمی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولپور توکل حسین نے پوزیشن ہولڈر طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور سکول سربراہان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی یہ کامیابی ان کی انتھک محنت اور اساتذہ کی بہترین رہنمائی کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم معیاری تعلیم، بہتر تعلیمی ماحول، میرٹ اور شفافیت کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

